جامعہ ملیہ اسلامیہ: وی سی اور رجسٹرار کی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے ملاقات

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 29-05-2025
جامعہ ملیہ اسلامیہ: وی سی اور رجسٹرار کی وزیر تعلیم  دھرمیندر پردھان سے ملاقات
جامعہ ملیہ اسلامیہ: وی سی اور رجسٹرار کی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے ملاقات

 



 نئی دہلی : پروفیسر مظہر آصف،وائس چانسلر ،جامعہ ملیہ اسلامیہ اور پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی، رجسٹرار ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے یونیورسٹی کی مختلف تعلیمی اور دیگر ترقیات کے متعلق  وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کوواقف کرانے کے لیے کل ملاقات کی۔
دوران ملاقات وی سی  اور رجسٹرار ، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ڈینٹسٹری میں پوسٹ گریجویٹ پروگرام کے آغاز سے یونیورسٹی نے جو اہم پیش رفت کی ہے اس کے متعلق وزیر کو بتایااور وزارت تعلیم کی فیاضانہ مالی مددکے لیے ان کا شکریہ اداکیا۔ ڈینٹسٹری فیکلٹی کے استحکام کے تئیں ان کے عہد اور ان کی متواتر حوصلہ افزائی کے لیے انھوں نے  دھرمیندر پردھان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔پروفیسر آصف اور پروفیسر رضوی نے جامعہ رہائشی کوچنگ کی شان دار کارکردگی کے متعلق بھی  وزیر تعلیم کو بتایا۔اور بتایاکہ ہر سال جامعہ،آر سی اے میں تربیت یافتہ تیس سے زیادہ طلبہ موقر یوپی ایس سی سول سروسز امتحان میں بطور آئی اے ایس، آئی پی ایس،آڈت اینڈ اکاؤنٹس سروسز،انڈین فارسیٹ سروسز منتخب ہوتے ہیں اوراس طرح ملک کی ترقی میں اپنا تعاون دے رہے ہیں۔
ملاقات کے دوران جامعہ کی مالی حالت بھی بات چیت کا ایک اہم نکتہ تھا۔ وی سی  اور رجسٹرار ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اعلی تعلیم فینانسنگ ایجنسی(ایچ ای ایف اے)کے زیر اہتمام ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کا خاکہ بھی پیش کیا اور ان پروجیکٹوں کی غیر اطمینان بخش رفتار سے متعلق اپنی تشویش کا اظہار کیا۔
تعلیمی افق کو وسیع ترکرنے کے عہد کو اجاگر کرتے ہوئے جامعہ میں نئے شعبوں کے قیام کی تجاویز بھی پیش کی گئیں عزت مآب وزیر کے ساتھ بات چیت میں اس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید برآں، جامعہ میں میڈیکل کالج کے قیام کے سلسلے میں ثمر آور بات چیت ہوئی جس کے لیے  وزیر نے پورا تعاون دینے کی بات کہی اور تمام مطلوبہ مدد کی فراہمی کا یقین دلایا۔
یونیورسٹی میں آئندہ منعقد ہونے والے جلسہ تقسیم اسناد کے سلسلے میں بات چیت کے ساتھ ملاقات اختتام پذیر ہوئی۔اس  یادگار پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی مدعو کیے جانے والے مندوبین پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں، وی سی  اور رجسٹرار  جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اس سلسلے میں  دھرمیندر پردھان سے ان کے تعاون اور مشوروں کی بھی درخواست کی۔  وزیر موصوف نے یونیورسٹی کی ترقی کو سراہا اور جامعہ کے موجودہ اور مستقبل کے اقدامات اورپہل کے لیے پروفیسرآصف اور پروفیسر رضوی کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔اور جامعہ کے فعال و سرگرم تعلیمی ماحول کو قریب سے دیکھنے کے لیے مستقبل قریب میں جامعہ کا دورہ کرنے کا بھی وعدہ کیا۔