ہندوستانی طلبہ کے لیے امریکہ کے ’ریکارڈ‘ اسٹوڈنٹ ویزے

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 10-09-2022
ہندوستانی  طلبہ کے لیے امریکہ کے ’ریکارڈ‘ اسٹوڈنٹ ویزے
ہندوستانی طلبہ کے لیے امریکہ کے ’ریکارڈ‘ اسٹوڈنٹ ویزے

 

 

نئی دہلی :امریکی سفارت خانے نے کہا ہے کہ امریکہ نے انڈین طلبہ کے لیے ریکارڈ 82 ہزار ویزے جاری کیے ہیں جو دنیا میں امریکی سٹوڈنٹ ویزے حاصل کرنے والے کسی بھی ملک سے زیادہ ہیں۔

ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں امریکی سفارت خانے نے کہا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ امریکہ انڈیا کے طلبہ کے لیے سب سے پرکشش مقام ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا: ’اس سال انڈیا میں امریکی سفارتی مشن نے اب تک کی سب سے زیادہ تعداد میں سٹوڈنٹ ویزے جاری کیے ہیں۔ ہم دونوں ممالک میں انڈین طلبہ کی اہم شراکت کو سراہتے ہیں کیوں کہ وہ بین الاقوامی شراکت کو برقرار رکھنے اور بڑھانے کے لیے امریکی طلبہ کے ساتھ عمر بھر روابط استوار کرتے ہیں۔‘

نئی دہلی میں امریکی سفارتخانے اور چنئی، حیدرآباد، کولکتہ اور ممبئی میں چار قونصل خانوں نے مئی سے اگست تک طلبہ کے ویزا کی درخواستوں پر کارروائی کو ترجیح دی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ زیادہ سے زیادہ اہل طلبہ اپنے مطالعے کے پروگراموں میں شامل ہو سکیں۔ امریکی سفارت خانے میں چارج ڈی افیئرز (سی ڈی اے) پیٹریشیا لاکینا نے انڈیا کی کامیابی میں امریکی مشن کو سراہتے ہوئے ٹویٹ کیا: ’میں یہ دیکھ کر خوش ہوئی کہ پچھلے سالوں میں کرونا کی وبا کی وجہ سے ہونے والی تاخیر کے بعد اتنے زیادہ طلبہ ویزے حاصل کرنے اور امریکی یونیورسٹیوں تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے

 

ہم نے صرف اس موسم گرما میں 82 ہزار سے زیادہ سٹوڈنٹ ویزے جاری کیے جو کہ پچھلے کسی بھی سال کے مقابلے سب سے زیادہ تعداد ہے۔‘ انڈین طلبہ امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے والی سب سے بڑی کمیونٹی کا حصہ ہیں جو تمام بین الاقوامی طلبہ کی مجموعی تعداد کا تقریباً 20 فیصد ہیں۔ امریکی ادارے ’اوپن ڈور‘ رپورٹ کے مطابق 2020-2021 تعلیمی سال میں انڈیا سے 167,582 طلبہ امریکہ میں زیر تعلیم تھے۔