جھارکھنڈ میں بھی 'اردو ویک' کا آغاز

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 20-02-2021
مولانا آزاد نیشنل  اردو یونیورسٹی کے ماہرین تعلیم کے وفد نے امارت  شرعیّہ کا دورہ   کیا
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے ماہرین تعلیم کے وفد نے امارت شرعیّہ کا دورہ کیا

 

 سراج انور / پٹنہ

اردو کی تعلیم کے فروغ اور ترقی کے لئے امارت شرعیّہ کی سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ بہار میں 'اردو ویک' کی زبردست کامیابی کے بعد اب ادارہ اس کا جھارکھنڈ میں بھی آغاز کرنے جا رہا ہے ۔ واضح رہے کہ اس مذہبی تنظیم کا دائرہ کار بہار سمیت جھارکھنڈ اور اڈیشہ تین ریاستوں میں ہے۔ جھارکھنڈ میں ہونے جا رہی دس روزہ اس اردو مہم کا آغاز 20 فروری سے ہوگا ، جو یکم مارچ تک جاری رہے گا - اس درمیان بدھ کے روز مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے ماہرین تعلیم کے وفد نے امارت شرعیّہ کا دورہ کیا۔

وفد کے ساتھ تعلیم و تحفظ اردو کے موضوع پر ایک اہم اجلاس بھی ہوا۔ یونیورسٹی کے پروفیسر فیض احمد ، پروفیسر شفاعت وغیرہ کو امارت شرعیّہ کے جامع تعلیمی منصوبے کے رہنماء اصول سے آگاہ کیا گیا۔ یہ کتاب امارت شرعیّہ کے قایم مقام جنرل سکریٹری مولانا شبلی قاسمی نے لکھی ہے۔ مولانا شبلی نے آواز دی وائس کو بتایا کہ 20 فروری سے جھارکھنڈ میں اردو مہم کی کامیابی کے لئے ہونے والی تیاری کا آج زوم ایپ کے ذریعے ہونے والے ایک اجلاس میں جائزہ لیا گیا 

جھارکھنڈ میں یہ مہم 20 فروری کو رام گڑھ سے شروع ہوگی۔ اسی دن سرائیکلااور سنگھ بھوم میں بھی پروگرام رکھا گیا ہے ۔ 21 فروری کو جمشید پور ، بوکارو ، جامتارا ، گیریڈیہ ، بالومات ، کوڈرما میں اردو ہفتہ منایا جائے گا - 23 کو چترا، 24 کو لوہاردگا ، 25 کو گوملہ ، دیوگھر ، ہزاری باغ میں اردو مہم کا انقعاد کیا گیا ہے۔ 26 فروری کو دھنباد ، 27 کو سمڈیگا اور کھونٹی 28 کو رانچی ، گوڈا ، پلوامو ، 1 مارچ کوڈالٹن گنج ، گڑھوا میں اردو کی ترقی اور تعلیم کے پھیلاؤ پرگفت و شنید ہوگی۔

اس سلسلے میں ہونے والی آن لائن میٹنگ میں مولانا شبلی قاسمی (پٹنہ) مفتی ثناء الہدہ قاسمی (پٹنہ) مولانا مفتی نذر توحید (چترا) مولانا انور قاسمی (رانچی) مولانا محمد سعود عالم (جمشید پور) مولانا سہیل اختر (پھلواری شریف ) ، مولانا سید محمد عادل ( پھلواری شریف) مولانا کلیم اللہ (بوکارو) مولانا ابوالکلام شمسی (گریڈیہ) ، مولانا عمر فاروق (لوہاردگا) ، مولانا شاہد قاسمی (دھنباد) ، مولانا ثناء اللہ قاسمی (ہزاری باغ) ، مولانا منظور قاسمی (اتکی) ، مولانا ابو داؤد قاسمی (پورولیا) ) ، قاضی فخرالدین (پورولیا) ، مولانا شمس الحق (گریڈیہ) نے شرکت کی۔

ناظم امارت شرعیّہ کے مطابق اس ملاقات میں امیر شریعت مولانا محمد ولی رحمانی کی جھارکھنڈ میں تشریف آوری اور جھارکھنڈ میں اردو کے پروگرام اور اس کے حل کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔مولانا شبلی نے جھارکھنڈ کی مسلم آبادی سے اپیل کی کہ وہ مدرسوں کی تعلیم ، اسکولوں کے قیام اور اردو کے تحفظ کی اہمیت کو سمجھے اور اس مہم میں اپنا کردار ادا کرے۔