حیدرآباد، 22 اگست(پریس نوٹ)مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے سیڈ فاونڈیشن اور دی قرآن فاونڈیشن کا شکریہ ادا کیا جو یونیورسٹی کے مستحق طلبہ کے لیے زرِ کثیر خرچ کرتے ہوئے اسکالرشپ کا اہتمام کر رہے ہیں۔ انہوں نے اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حصول تعلیم کے لیے اب مالیہ کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔ ساتھ ہی طلبہ کی یہ بھی ذمہ داری ہے کہ وہ حصولِ علم کے متعلق اپنی ذمہ داری کو بھی ہمیشہ مد نظر رکھیں۔ پروفیسر سید عین الحسن نے طلبہ پر زور دیا کہ سخت محنت ، نظم و ضبط کا خاص خیال رکھیں اور کسی بھی غیرقانونی سرگرمی میں ملوث نہ ہوں۔
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں منعقدہ اس تقریب میں سال 2025 کے لیے مستحق طلبہ میں ایم سی ایم اسکالرشپ تقسیم کی گئی۔ جس کی جملہ مالیت ایک کروڑ روپے ہے۔ اردو یونیورسٹی اسکالر شپ یہ رقم سیڈ (امریکہ) اور دی قرآن فاونڈیشن کے ذریعہ سے دی جارہی ہے۔ڈین اسٹوڈنٹ ویلفیئر پروفیسر سید علیم اشرف جائسی کے مطابق اس برس اسکالر شپ کے لیے جملہ 2,897 طلبہ نے درخواستیں داخل کیں۔ جن میں سے 1000 طلبہ کا انتخاب میرٹ کم مینز (MCM) اسکیم کے تحت کیا گیا۔ اسکالرشپ حاصل کرنے والوں میں 697 لڑکے اور 303 لڑکیاں شامل ہیں۔ 675 طلبہ حیدرآباد کیمپس میں زیر تعلیم ہیں۔ جبکہ 325 طلبہ آف کیمپسز سے تعلق رکھتے ہیں۔ جن میں 132 حافظِ قرآن، 417 مدرسہ سے تعلیم یافتہ اور 101 طلبہ کا تعلق لاءڈپارٹمنٹ سے ہے۔ اسکالرشپس کی تقسیم کے اس پروگرام میں پروفیسر سید عین الحسن کے علاوہ پروفیسر اشتیاق احمد ، رجسٹرار مانو؛ سید مظہر الدین حسینی (سیڈ)، محترمہ مہپارہ علی (سابق منیجر ایس بی آئی) موجود تھے۔
قبل ازیں پروگرام کے آغاز میں ڈین اسٹوڈنٹ ویلفیئر پروفیسر سید علیم اشرف جائسی نے خیر مقدمی کلمات کہے اور سیڈ فاﺅنڈیشن ، امریکہ اور دی قرآن فاﺅنڈیشن، حیدرآباد کا شکریہ ادا کیا۔
اسکالرشپ تقسیم کے اس پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے سید مظہر الدین حسینی، ڈائرکٹر، سیڈ فاونڈیشن (امریکہ)، نے طلبہ کو محنت و لگن سے کام کرنے کی ترغیب دی اور کہا کہ سیڈ فاونڈیشن گذشتہ تین برسوں سے مانو کے طلبہ کو اسکالرشپ دیتا آرہا ہے۔ انہوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ آنے والے برسوں میں تعاون مزید بڑھایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے برس سے سینٹر فار ڈسٹنس اینڈ آن لائن ایجوکیشن (سی ڈی او ای) کے طلبہ بھی اسکالرشپ حاصل کرسکیں گے۔
رجسٹرار پروفیسر ایس کے اشتیاق احمد نے اپنے خطاب میں اسکالر شپ حاصل کرنے والے سبھی طلبہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ اسکالرشپ محض مالی امداد نہیں بلکہ طلبہ کی محنت کا اعتراف اور انہیں نئی بلندیوں کی طرف بڑھنے کی ترغیب ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اخلاص، نظم و ضبط اور قومی تعمیر کے جذبے کے ساتھ تعلیم حاصل کریں۔
تقریب کا آغاز ڈاکٹر محمد عبدالعلیم، اسسٹنٹ پروفیسر (کنٹریکچول)، سی ڈی او ای کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔تقریب کا اختتام ڈاکٹر جرار احمد، اسسٹنٹ ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر کے کلماتِ تشکر اور قومی ترانہ کے ساتھ ہوا۔ نظامت کے فرائض عصمت فاطمہ، اسسٹنٹ ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر نے انجام دیے۔
مانو آئی ٹی آئی حیدرآباد میں مخلوعہ نشستوں پر داخلے
مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی، انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (آئی ٹی آئی)، حیدرآباد میں مخلوعہ نشستوں پر داخلے دیئے جارہے ہیں۔ فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ 28 اگست مقرر کی گئی ہے۔ کونسلنگ 29 اگست کو صبح 9.30 بجے سے آئی ٹی آئی، مانوکیمپس، گچباولی میں ہوگی۔ ڈاکٹر عرشیہ اعظم، پرنسپل کے بموجب مختلف آئی ٹی آئی ٹریڈز کی دستیاب مخلوعہ نشستوں کے لیے درخواست فارم دفتر آئی ٹی آئی، یونیورسٹی کیمپس سے حاصل کریں یا ویب سائٹ manuu.edu.in سے ڈاﺅن لوڈ کیے جاسکتے ہیں۔ مزید تفصیلات کے لیے شخصی طور پر دفتر آئی ٹی آئی سے یا فون نمبر 040-23008428یا 9440692452 پر ربط کریں