حیدرآباد، یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی راج بھاشا ٹیم نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کا دورہ کرتے ہوئے یہاں ہندی کے استعمال کا جائزہ لیا۔ یو جی سی کے ڈاکٹر راجیش کمار ورما، جوائنٹ سکریٹری اور ڈاکٹر گوپی چند میروگو، ڈپٹی سکریٹری پر مشتمل ٹیم نے یونیورسٹی کے دفاتر اور لائبریری کا کل معائنہ کیااور یونیورسٹی میں راج بھاشا کے نفاذ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے، ضروری مشورے بھی دیئے۔
ابتداءمیں اس سلسلے میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر؛ پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار ، سینئر عہدیداران کے علاوہ یونیورسٹی کی راج بھاشا عمل درآمد کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔
وائس چانسلر اور رجسٹرار نے یو جی سی کے اراکین کا خیر مقدم کیا۔ کمیٹی کے صدر نشین پروفیسر سید نجم الحسن نے کمیٹی کے اراکین کا تعارف کروایا۔ ڈاکٹر شگفتہ پروین، ہندی آفیسر نے مہمانان کو یونیورسٹی میں دفتری امور کی انجام دہی میں ہندی پر عمل درآمد کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔