حیدرآباد: آئی ایم سی کی تین فلموں کا بین الاقوامی سائنس فلم فیسٹول میں انتخاب

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 30-11-2021
حیدرآباد: آئی ایم سی کی تین فلموں کا بین الاقوامی سائنس فلم فیسٹول میں انتخاب
حیدرآباد: آئی ایم سی کی تین فلموں کا بین الاقوامی سائنس فلم فیسٹول میں انتخاب

 

 

آواز دی وائس،حیدرآباد

مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی کے انسٹرکشنل میڈیا سنٹر (آئی ایم سی) کی جانب سے تیار کی گئی دو فلمیں، ”ٹرانسفارمنگ انڈیا: حیاتیاتی کھاد پر مبنی ایک دستاویزی فلم“ اور ”کچرے سے توانائی“ جن کی ہدایت بالترتیب   ایم محمد غوث اور عبید اللہ ریحان نے دی ہے کو وگیان پرسار، محکمہ سائنس اور ٹکنالوجی، حکومت ہند کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے بین الاقوامی سائنس فلم فیسٹیول 2021 کی15 بہترین عالمی فلموں میں منتخب کیا گیا ہے۔

پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے آئی ایم سی ٹیم اور ڈائرکٹر رضوان احمد کو ایک اور کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم سی مانو کی کامیابی درحقیقت سخت محنت اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔

رضوان احمد، ڈائرکٹر مرکز کے بموجب فلم ”ٹرانسفارمنگ انڈیا“ مرکزی وزارت برائے دیہی ترقیات و پنچایتی راج کے 5ویں نیشنل فلم فیسٹیول میں بھی منتخب ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا ”ہم آئی ایم سی میں مسلسل یہ کوشش کرتے ہیں کہ بہتر سے بہتر تعلیمی مواد دنیا کے سامنے پیش کر سکیں۔

ہماری ان کوششوں کو تسلیم کیا گیا اس کے لیے میں وگیان پرسار، محکمہ سائنس اور ٹیکنالوجی، حکومت ہند کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

یقینی طور پر یہ قدم نہ صرف میڈیا سنٹر بلکہ اردو یونیورسٹی کو عالمی نقشے پر نمایاں کرتا ہے۔“ میڈیا سنٹر کی نئی ڈیجیٹل پیش رفت اپنے آغازسے ہی سرخیوں میں ہے۔

اس کے چار عصری تصورات پر مبنی پروگرام اردو نامہ، ای کنٹنٹ پلیٹ فارم، شاہینِ اردو اور تعلیمی خبرنامہ کوعملی جامہ پہناکر آئی ایم سی قومی و بین الاقوامی سطح پر مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیوسٹی کو نمایاں پہچان دلانے سرگرم عمل ہے۔