ٹائمز ہائر ایجوکیشن ایشیا یونیورسٹی رینکنگ 2025 : اے ایم یو کی پوزیشن میں بہتری

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 23-05-2025
 ٹائمز ہائر ایجوکیشن ایشیا یونیورسٹی رینکنگ 2025 : اے ایم یو کی پوزیشن میں بہتری
ٹائمز ہائر ایجوکیشن ایشیا یونیورسٹی رینکنگ 2025 : اے ایم یو کی پوزیشن میں بہتری

 



علی گڑھ، 20 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے ٹائمز ہائر ایجوکیشن ایشیا یونیورسٹی رینکنگ 2025 میں ایک بار پھر اپنا علمی و تحقیقی امتیاز ثابت کیا ہے اور گزشتہ سال کی 193ویں پوزیشن کے مقابلے میں اس سال 188 ویں پوزیشن حاصل کی، جو یہ واضح کرتا ہے کہ ایشیائی جامعات کے درمیان بڑھتی ہوئی مسابقت کے درمیان اے ایم یو ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
لندن نشیں ٹائمز ہائر ایجوکیشن، اعلیٰ تعلیمی اداروں کی درجہ بندی ہر سال جاری کرتی ہے جسے دنیا بھر میں وقار و اعتبار کی علامت سمجھا جاتا ہے۔  رواں سال پورے ایشیا سے 853 اعلیٰ تعلیمی اداروں کا جائزہ لیا گیا، جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 739 تھی۔ ہر سال اداروں کی بڑھتی ہوئی شرکت کے باعث مسابقت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس کے باوجود اے ایم یو کی کارکردگی میں گزشتہ پانچ برسوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، سال 2021، 2022، اور 2023 کی درجہ بندی میں 201-250 کے بینڈ میں تھی، مگر 2024 میں ترقی کرتے ہوئے وہ 193ویں مقام پر پہنچی، اور اب 2025 میں مزید آگے بڑھتے ہوئے 188ویں مقام پر پہنچ گئی ہے۔ یہ مسلسل بہتری اے ایم یو کے علمی معیار، تحقیق اور ادارہ جاتی ترقی کو اجاگر کرتی ہے۔ ایشیا یونیورسٹی رینکنگ پورے براعظم کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کا جامع تجزیہ کرتی ہے۔ اس سال کی درجہ بندی میں چین نے ایک بار پھر برتری قائم رکھی ہے، پہلی اور دوسری پوزیشن کے ساتھ ساتھ ٹاپ 10 مقامات میں پانچ مقامات اپنے نام کیے ہیں۔    اے ایم یو کی مسلسل ترقی پوری اے ایم یو برادری کے لیے باعث فخر ہے اور یہ ایشیائی تعلیمی منظرنامے میں ہندوستان کے ممتاز اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اس کے مقام کو مستحکم کرتا ہے۔