نئی دہلی :جامعہ ملیہ اسلامیہ کی فیکلٹی آف لا کے تین طلبہ نے کلاٹ پی جی اور آل انڈیا لا انٹرنس ٹیسٹ پی جی کے داخلہ امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔ فیکلٹی آف لا کے مجموعی طور پر تین طلبہ نے پی جی داخلہ امتحان کوالیفائی کیا ہے۔ ان میں ایک طالب علم نے آل انڈیا لا انٹرنس ٹیسٹ پی جی میں آل انڈیا 3 رینک حاصل کی ہے۔
مسٹر نیر قطب چشتی نے آل انڈیا لا انٹرنس ٹیسٹ پی جی میں آل انڈیا 3 رینک اور کلاٹ پی جی میں 109 رینک حاصل کی۔ وہ اس سال فیکلٹی آف لا کے بہترین کارکردگی دکھانے والے طالب علم رہے۔
ان کے بعد مس دیشا ککڑ ہیں جنہوں نے کلاٹ پی جی میں 112 رینک حاصل کی۔
مس زویا ظفر نے محفوظ زمرے میں 87 رینک حاصل کی۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ کی فیکلٹی آف لا کے طلبہ کی اس شاندار کامیابی پر وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف اور رجسٹرار پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی نے فیکلٹی آف لا کے زیر تربیت تمام کامیاب امیدواروں کو دلی مبارکباد پیش کی۔
وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف نے کہا کہ یہ فیکلٹی آف لا جامعہ ملیہ اسلامیہ کے لیے بے حد فخر اور اطمینان کی بات ہے کہ اس نے یہ نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ ہمارے طلبہ کی کامیابی ہمارے اس عزم کی توثیق کرتی ہے کہ ہم امیدواروں کو بااختیار بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔
رجسٹرار پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی نے کہا کہ یہ نتیجہ فیکلٹی آف لا کے سخت اور معیاری تعلیمی ماحول کی عکاسی کرتا ہے جو ملک کے مشکل ترین امتحانات کی تیاری کے ہر مرحلے پر مسلسل اعلیٰ کارکردگی فراہم کرتا ہے۔
ڈین فیکلٹی آف لا پروفیسر غلام یزدانی نے اس بات پر زور دیا کہ طلبہ کے ساتھ ذاتی رہنمائی اور قریبی تعلیمی روابط نے ان شاندار نتائج کے حصول میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انتظامیہ منتخب طلبہ کی غیر معمولی محنت اور ثابت قدمی کی ستائش کرتی ہے۔