بہار: مدارس میں تین۔تین سائنس ٹیچرمقررکئے جائیں گے

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 20-01-2022
بہار: مدارس میں تین۔تین سائنس ٹیچرمقررکئے جائیں گے
بہار: مدارس میں تین۔تین سائنس ٹیچرمقررکئے جائیں گے

 


آواز دی وائس،پٹنہ

فوقانیہ ومولوی امتحانات 2023 کیلئے ماڈل سوال نامہ تیارکرنے کیلئے منعقدہ 6 روزہ ورکشاپ20 جنوری کو بہاراسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے شعبہ امتحانات میں اختتام پذیر ہوا۔

یہ اطلاع محمد اعجاز احمد،پی۔آر۔ او بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ،پٹنہ نے جاری پریس ریلیز میں دی ہے۔

ریلیز کے مطابق یہ ورکشاپ عبدالقیوم انصاری چیئر مین مدرسہ بورڈ کی صدارت اور محمدسعید انصاری، سکریٹری و ایس اے معین،کنسلٹنٹ یونیسیف کے زیر نگرانی منعقد ہوا۔

ماڈل سوال نامہ تیار کرنے کیلئے بہار کے سیکنڈری اور ہائر سکینڈری کے اساتذہ،سینئر مدارس کے اساتذہ،ماہرین تعلیم کے علاوہ دیگر ریاست کے اساتذہ کرام کی بھی خدمت لی گئی ہے۔ تمام لوگوں نے کافی دلچسپی سے اس کام کوانجام دیا۔ ورکشاپ کے آخری دن اساتذہ کرام نے اپنے تجربات کااظہار کرتے ہوئے چیئر مین موصوف کی ستائش کی اور مسرت کا اظہار کیا اور کہاکہ مدارس کے طلبا و طالبات کے روشن مستقبل کیلئے یہ کام کیاجارہاہے۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایاکہ ہم لوگوں نے ماڈل سوال نامہ تیار کرنے میں اپنی پوری توانائی لگائی ہے۔سوال نامہ کو تیار کرنے سے پہلے نصابی کتابوں کا مکمل مطالعہ کیاگیا اس کے بعد سوال تیار کئے گئے ہیں، اس پر انہوں نے امید ظاہرکی ہے کہ اس ماڈل سے طلبا وطالبات کو کافی فائدہ حاصل ہوگا۔

چیئر مین مدرسہ بورڈ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اللہ نے فرما یا انسان کیلئے کچھ نہیں مگرکوشش ہے۔ ہمیں صرف کوشش کرنی چاہئے اللہ اس کانتیجہ عطا کرتاہے۔ ہم لوگوں نے بھی ایک کوشش کی اوراللہ نے ہمیں کامیابی دی،آپ لوگوں کی محنت سے مدارس کے طلبا و طالبات کیلئے ماڈل سوال نامہ تیار ہوا۔

اس کیلئے آپ لوگ قابل ستائش ہیں۔آپ لوگ اس سردی کے موسم میں یہاں آئے اور مدارس کے طلبا و طالبات کیلئے اپنا قیمتی وقت دیا ہے اس کیلئے ہم سبھی آپ کے شکرگزار ہیں۔انہوں نے ماڈل سوال نامہ کو تیارکرنے کے مقصد سے بھی روشناس کرایا کہ سال2023 سے امتحانات نئے نصاب کے مطابق منعقد کئے جائیں گے۔

نئے نصاب کے مطابق کس پیٹرن پر سوال پوچھے جائیں گے اس سے طلبا وطالبات کو قبل سے واقف کرادیا جائے گا تا کہ انہیں امتحانات میں کسی طرح کی دشواری نہ ہو۔اس کے بعدچیئر مین محترم نے سبھوں کو شال، مومنٹو اور سند سے نوازا۔ آخر میں انہوں نے بتایا کہ فوقانیہ ومولوی سطح کے مدارس میں تین۔تین سائنس ٹیچرکی تقرری عمل میں آئے گی۔

محمد سعیدانصاری سکریٹری بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ نے ماڈل سوال نامہ تیار کرنے میں اپنی خدمت انجام دینے والے تمام متعلقین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مجھے آپ لوگوں سے جو توقع تھی آپ لوگوں نے اسے پورا کیا۔

مدارس کے طلبا و طالبات کیلئے آپ لوگوں کے ذریعہ اول درجہ کا ماڈل سوال نامہ تیار کیاگیا۔ اس ماڈل سوال نامہ سے مدارس کے طلبا و طالبات کو ایک نئی راہ ملے گی اور وہ زندگی کے ہر شعبہ میں کامیاب و کامران ہوں گے۔