استاد کا راستہ نہایت پیچیدہ، نازک اور آزمائشوں سے بھرا ہوتا ہے۔-پروفیسر سید عین الحسن

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 05-09-2025
استاد کا راستہ نہایت پیچیدہ، نازک اور آزمائشوں سے بھرا ہوتا ہے۔-پروفیسر سید عین الحسن
استاد کا راستہ نہایت پیچیدہ، نازک اور آزمائشوں سے بھرا ہوتا ہے۔-پروفیسر سید عین الحسن

 



حیدرآباد – قدیم ہندوستانی تعلیم خود شناسی اور نجات کا سفر تھی، جب کہ نوآبادیاتی دور میں مغربی ماڈل نے تعلیم کو ادارہ جاتی بنا دیا۔ آج ہمیں اقدار اور مہارتوں کو یکجا کرکے مستقبل کی تیاری کرنی ہوگی‘‘، یہ بات پروفیسر این ناگاراجو، وائس چانسلر، انگلش اینڈ فارن لینگویج یونیورسٹی نے یومِ اساتذہ کے موقع پر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں اپنے خطبہ میں کہی۔ ان کے خطبے کا موضوع تھا: "اساتذہ کیلئے نیا سماجی معاہدہ"۔

اس خطبہ کا اہتمام اسکول آف ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ(SE&T)، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے یوم اساتذہ کی تقریبات کے سلسلے میں کیا۔ پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر، مانو نے صدارت کی۔

تعلیم کی پالیسی کا ارتقاء

پروفیسر ناگاراجو نے ہندوستان میں تعلیمی پالیسی کے ارتقاء پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رادھا کرشنن کمیشن (1948) نے تعلیم میں اقدار پر زور دیا؛کوٹھاری کمیشن (1966) نے سماجی و معاشی ترقی، ماحولیات اور پیشہ ورانہ تربیت پر توجہ مرکوز کی؛جب کہ قومی تعلیمی پالیسی (2020) کا مرکز مہارتیں، عالمی کاری اور بین الاقوامی روابط ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہندوستان میں تقریباً 80 کروڑ نوجوان 35 برس سے کم عمر ہیں، لیکن ان میں سے صرف 5.4 فیصد کو باقاعدہ مہارت کی تربیت حاصل ہے، جب کہ جنوبی کوریا میں یہ شرح 94 فیصد ہے۔ یہی وہ جگہ ہے جہاں قومی تعلیمی پالیسی 2020 کی اہمیت نمایاں ہوجاتی ہے۔

یونیسکو کا اثر

انہوں نے مزید کہا کہ یونیسکو کی 2021 کی دستاویز "Reimagining Our Future Together" نے ہندوستان کی تعلیمی پالیسی پر گہرا اثر ڈالا ہے، جس نے تعلیم کو نسل در نسل تبدیلی کے مکالمہ کے طور پر متعارف کرایا۔پروفیسر ناگاراجو نے کہا کہ تدریس ایک پیچیدہ، باریک اور چیلنج بھرا پیشہ ہے۔ آج کے اساتذہ کو ہمدرد، ماہر، اخلاقی طور پر وابستہ اور مسلسل سیکھنے والا ہونا چاہیے تاکہ وہ نسلی، لسانی، ثقافتی، مہاجر اور پسماندہ طبقات پر مشتمل متنوع کلاس رومز کی رہنمائی کرسکیں۔ ہمیں جامع تدریسی طریقوں کو فروغ دینا ہوگا اور تعلیم کے حق کو ایک عوامی خیر کے طور پر وسیع کرکے تاحیات سیکھنے تک پھیلانا ہوگا۔

پروفیسر سید عین الحسن کے خیالات

پروفیسر سید عین الحسن نے پروفیسر ناگاراجو کے خطبہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مکالمہ ہماری اپنی سرحدوں کے اندر سے شروع ہونا چاہیے۔ استاد کا راستہ نہایت پیچیدہ، نازک اور آزمائشوں سے بھرا ہوتا ہے۔انہوں نے ابتدائی تعلیم کی فلسفیانہ بنیادوں کو اجاگر کیا جیسے رنگوں کو پہچاننا، حالات کو سمجھنا، کمیوں کی شناخت کرنا، صلاحیتوں کو پروان چڑھانا اور معیار کو پرکھنا۔ عاجزی پر زور دیتے ہوئے انہوں نے عمر خیام کا قول نقل کیاکبھی یہ دعویٰ نہ کرو کہ تم نے تمام علم حاصل کرلیا ہے، کیونکہ تھوڑی سی دانش بھی دوسروں کی رہنمائی کے لئے کافی ہے۔علامہ اقبال کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے باطنی قوت کی اہمیت پر زور دیا تاکہ زندگی کے چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکے۔ سعدی کے قول کو نقل کرتے ہوئے کہا کہ علم بغیر عمل کے جہالت ہے۔دیگر مقررین کے تاثرات

مہمانِ خصوصی پروفیسر اشتیا ق احمد، رجسٹرار نے ادارہ جاتی ذمہ داری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کو تربیت اور معاون نظام کے ذریعہ بااختیار بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا:
’’
اساتذہ ہی معاشرے اور قوم کے اصل معمار ہیں؛ وہ طلبہ کے کیریئر اور مستقبل کو تشکیل دیتے ہیں۔ یومِ اساتذہ اسی لئے منایا جاتا ہے تاکہ ہم اپنے اساتذہ کی قربانیوں، رہنمائی اور خدمات کو یاد کریں جن کی بدولت آج ہم یہاں کھڑے ہیں۔پروفیسر وناجا ایم، ڈینSE&T نے استقبالیہ خطاب پیش کیا۔ انہوں نے کہاہم یہ دن اساتذہ کی قیمتی خدمات کو تسلیم کرنے کے لئے مناتے ہیں؛ وہی ہمارے معاشرے کے ستون، ہمارے مستقبل کے معمار اور ہماری زندگی کے سفر کے رہنما ہیں۔

پروفیسر شاہین اے شیخ، سربراہ شعبہ تعلیم و تربیت نے مہمان مقرر کا تعارف پیش کیا۔ڈاکٹر محمد اطہر حسین، ایسوسی ایٹ پروفیسر نے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ پروفیسرز ڈاکٹر محاسنہ انجم اور ڈاکٹر افشاں عبد الکریم نے نظامت کی۔

کتابوں کی رسمِ اجرا اور تقریبات

موقع پر فیکلٹی ممبران کی مرتب و تصنیف کردہ تین کتابوں اور ایک تحقیقی اسکیل کا اجرا بھی کیا گیا۔ریسرچ اسکالرس اور طلبہ نے اساتذہ کے نام منظومات، نغمے اور تقاریر پیش کیں۔

یادگار تقریب

فیکلٹی ممبران، ریسرچ اسکالرس اور طلبہ کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ یہ تقریب یادگار ثابت ہوئی جس میں اساتذہ کے انقلابی کردار، اقدار کی اہمیت، شمولیت، مہارتوں، تاحیات سیکھنے اور علمی خدمات کے اعتراف کو اجاگر کیا گیا۔