دارالعلوم دیو بند میں تدریسی سرگرمیاں شروع

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 12-02-2021
دارالعلوم دیو بند میں تدریسی سرگرمیوں کے آغاز کا ہر کوئی منتظر تھا
دارالعلوم دیو بند میں تدریسی سرگرمیوں کے آغاز کا ہر کوئی منتظر تھا

 

 سہارنپور

کورونا کی وجہ سے ملک میں نافذ ہوئے لاک ڈاؤن کے سبب گزشتہ تقریباً گیارہ ماہ سے متاثرہ تعلیمی سلسلہ کا ایک مرتبہ پھر آغاز ہونے سے تعلیمی اداروں کی رونقیں بھی بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں، مرکزی وزارت داخلہ اور حکومت اترپردیش کی جانب سے گائیڈ لائن ملنے کے بعد آخر کار تمام دینی و عصری اداروں کے دروازے بھی طلبہ کے لئے کھول دیئے گئے ہیں،حالانکہ ابھی ہوسٹل اور چھوٹے بچوں کی تعلیم کے آغاز کے لئے مزید انتظار کرنا ہوگا۔

اسی کے تحت آج سے عالمی شہرت یافتہ دینی ادارہ دارالعلوم دیوبند میں بھی تعلیمی رونقیں بحال ہونے لگی اوربدھ کے روز سے ادارہ میں حکومتی گائیڈ لائن کے مطابق تعلیم سلسلہ کا باضابطہ طورپر آغاز کردیاگیاہے۔ بدھ کے روز سے دارالعلوم دیوبند کی انتظامیہ نے مقامی طلبہ کے لئے حفظ و ناظرہ قرآن پاک اور دینیات کی درسگاہیں کھول دی ہیں-آج سے ان درجات میں باضابطہ تعلیم کا آغاز ہوگیاہے۔

https://urdu.awazthevoice.in/upload/news/Darul_Uloom_mein_Talim_ka_Aghaz_and_parent_consent_letter_(1).pdf

لاک ڈاؤن کے بعد سے دارالعلوم دیوبندمکمل طورپر بند تھا۔حالانکہ عربی درجات کے طلبہ کو ابھی مزید انتظار کرنا پڑیگا کیونکہ جب تک حکومت کی جانب سے اقامتی درسگاہوں کے لئے باضابطہ طورپر واضح گائیڈ لائن سامنے نہیں آتی ہے اس وقت تک دارالعلوم دیوبند میں دیگر درجات کی تعلیم شروع نہیں ہوگی،لیکن دارالعلوم دیوبند اور دیگر عصری و دینی ادارے کھلنے کے بعد امید ظاہر کی جارہی ہے جلد ہی ادارہ میں مکمل تعلیمی سرگرمیاں شروع ہوجائیں گی ۔

وہیں ایک طرف جہاں دارالعلوم دیوبند کھلنے سے دیگر اداروں کے ذمہ داران کے لئے امید کی کرن پیدا ہوئی ہے وہیں طلبہ کی حفاظت کے لئے تمام احتیاطی تدابیر اور ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس بابت دارالعلوم یوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے بتایا کہ حفظ و ناظرہ اور دینیات کے لئے ادارہ میں باضابطہ تعلیم کا آغاز کردیاگیاہے، حکومت کی مزید گائیڈ لائن موصول ہونے کے بعد دیگر درجات کی تعلیم کا سلسلہ بھی شروع کردیاجائیگا، انہوں نے بتایاکہ طلبہ کی صحت کے تئیں ادارہ نہایت سنجیدہ اور حساس ہے اور حکومتی گائیڈلائن کے مطابق سبھی احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔