بارہ بنکی : ابوشحمہ انصاری
۔ تعلیم ہر فرد کے لیے نہایت ضروری ہے کیونکہ اس کے بغیر کسی بھی میدان میں ترقی ممکن نہیں۔ تعلیم ہی قومی ملی فکری سماجی اور معاشی ترقی کی بنیاد ہے۔ ان خیالات کا اظہار احمد ایجوکیشنل اکیڈمی عیدگاہ روڈ نزد مسجد عائشہ فتح پور میں منعقدہ تعلیمی سیمینار کے مہمان خصوصی ہائی کورٹ لکھنؤ کے ایڈوکیٹ اور جمعیۃ علماء بارہ بنکی کے قانونی مشیر احمد سعید حرف نے کیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہوں نے غربت کو بہت قریب سے دیکھا ہے اس لیے ان کی خواہش ہے کہ کوئی بھی بچہ مالی مجبوری کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے اکیڈمی کے طلباء کی سیشن 2025 26 کے سالانہ امتحان میں شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اساتذہ اور طلباء کو مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

تقریب کی صدارت کرتے ہوئے اکیڈمی کی پرنسپل عظمت النساء نے کہا کہ تعلیم آداب تہذیب اور ثقافت کے فروغ کے لیے بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں طلباء کے لیے ضروری ہے کہ وہ خود کو وقت کے تقاضوں کے مطابق ڈھالیں ورنہ وہ پیچھے رہ جائیں گے۔ کامیابی کے لیے تمام مضامین میں مہارت حاصل کرنا ضروری ہے۔
سیمینار کا آغاز علامہ اقبال کی معروف نظم لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری سے ہوا جبکہ اختتام قومی ترانے پر کیا گیا۔ پروگرام کی نظامت طالبہ حرا زینب نے بخوبی انجام دی۔ اس موقع پر اکیڈمی کے اساتذہ والدین اور طلباء کی بڑی تعداد موجود رہی۔ آخر میں پرنسپل نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔