سرسید ڈے: سابق چیف جسٹس ٹی ایس ٹھاکر مہمان خصوصی ہونگے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 03-10-2021
سرسید ڈے
سرسید ڈے

 

 

 علی گڑھ: سابق چیف جسٹس آف انڈیا ٹی ایس ٹھاکر، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں 17 اکتوبر کو سر سید ڈے تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ تقریبات ورچوئل موڈ میں ہوں گی۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اپنے بانی سر سید احمد خاں (1898 - 1817) کے یوم پیدائش کے موقع پر سرسید ڈے مناتی ہے۔ تاہم ، کووڈ 19 وبا کے پیش نظر ، سرسید ڈے کی مختلف تقریبات آن لائن طریقہ سے منعقد کی جائیں گی۔

عوام کے لئے پروگرام کو ویب کاسٹ کیا جائے گا۔ وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور، سر سید علیہ الرحمہ کے مزار پر گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔

سر سید علیہ الرحمہ سے متعلق کتابوں اور تصاویر کی ورچوئل نمائش سر سید ہاؤس میں منعقد کی جائے گی۔ اردو ادب کے شیدائی جسٹس ٹی ایس ٹھاکر نے 43 ویں چیف جسٹس آف انڈیا کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں۔

اس سے قبل انہوں نے جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج کے طور پر کام کیا اور کرناٹک ہائی کورٹ کے جج بھی رہے ہیں۔

بعد ازاں انہیں دہلی ہائی کورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس مقرر کیا گیا اور سپریم کورٹ کے جج کے طور پر اپنی ترقی سے قبل پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالا۔

جسٹس ٹی ایس ٹھاکر نے بی سی سی آئی کی تنظیم نو سمیت کئی اہم عدالتی فیصلے سنائے ہیں۔ سرسید ڈے کی آن لائن تقریبات کے دوران وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور خطبہ استقبالیہ پیش کریں گے۔

اس موقع پر سرسید ایکسیلینس ایوارڈ 2021 نامور نقاد گوپی چند نارنگ کو قومی زمرے میں، جبکہ برطانوی مورخ پروفیسر فرانسس رابنسن کو بین الاقوامی زمرے میں دیا جائے گا۔ آل انڈیا سر سید مضمون نویسی مقابلہ کے فاتحین کو بھی انعامات سے نوازا جائے گا۔ اس موقع پر یونیورسٹی میں کئی دیگر پروگرام بھی منعقد کئے جائیں گے۔