سری لاتھا مینن ۔ تریشور
کیرالہ حکومت نے کئی ماہ کی مزاحمت کے بعد آخرکار مرکزی حکومت کی ’’پردھان منتری شری اسکول فار رائزنگ انڈیا‘‘ (پی ایم شری) یوجنا کو قبول کر لیا ہے۔ اگرچہ بائیں بازو کی اتحادی جماعت سی پی آئی نے اس فیصلے پر نکتہ چینی کی ہے لیکن اس سے ریاست کے تعلیمی شعبے کو خاطر خواہ فائدہ ہونے والا ہے۔ اس اسکیم کے تحت نہ صرف منتخب اسکولوں کو مالی مدد ملے گی بلکہ ’’سمگر شکشا‘‘ پروگرام کے تحت چلنے والے اسکولوں کو بھی فنڈ حاصل ہوں گے۔مرکز نے پچھلے دو سال سے ’’سمگر شکشا‘‘ اسکیم کے لیے 1500 کروڑ روپے کے فنڈ روک رکھے تھے اور انہیں پی ایم شری پروگرام سے مشروط کر دیا تھا۔ اس کی وجہ سے تقریباً 6000 سرکاری اساتذہ جنہیں اسی اسکیم کے تحت رکھا گیا تھا کئی مہینوں سے تنخواہوں سے محروم تھے۔
اب مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے بعد مرکز نے یہ روکے گئے فنڈ جاری کر دیے ہیں اور پی ایم شری اسکیم کے تحت آئندہ پانچ سال میں 1473.13 کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے۔ریاستی حکومت نے اب تک اس اسکیم کو اس خدشے کے باعث قبول نہیں کیا تھا کہ کہیں اس کے ذریعے تعلیم میں مرکزی یا ’’آر ایس ایس‘‘ کے زیر اثر نظریہ نہ شامل ہو جائے اور ریاست کی خودمختاری متاثر نہ ہو۔ تاہم سی پی ایم کے سکریٹری گووندن کے مطابق مفاہمت کی یادداشت میں یہ طے کیا گیا ہے کہ ریاستی حکومت کو اپنے نصاب میں تبدیلی کے لیے مجبور نہیں کیا جائے گا۔
سی پی آئی جو حکمراں اتحاد کی اتحادی جماعت ہے، اس فیصلے پر سخت ناراض ہوئی کیونکہ اس سے مشورہ نہیں کیا گیا تھا۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری بنوئے وشوم نے اپنے بیان میں کہا کہ معاہدہ ان سے مشورے کے بغیر کیا گیا۔ سی پی آئی اور اقلیتی تنظیموں جیسے سمستا نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس اسکیم سے تدریسی مواد میں مرکزی یا ’’آر ایس ایس‘‘ سے متاثر خیالات شامل ہو سکتے ہیں۔کیرالہ نے مفاہمت نامہ اس شرط پر دستخط کیا کہ ریاستی تعلیمی بورڈ نصاب پر مکمل کنٹرول برقرار رکھے گا۔ مرکز کی جانب سے فراہم کردہ تدریسی مواد صرف اضافی ذرائع کے طور پر استعمال کیا جائے گا، نصاب کا حصہ نہیں بنے گا۔
#WATCH | Thiruvananthapuram, Kerala: On the PM SHRI scheme, Director General of Public Education in Kerala, Umesh N. S. K., says, "The Kerala government has now signed the MoU on PM SHRI today. Secretary of the Department of School Education Sanjay Kumar has given clarity that he… pic.twitter.com/MzuydmZmjs
— ANI (@ANI) October 27, 2025
گووندن نے کہا کہ اس سمجھوتے کے ذریعے اسکولوں کو پی ایم شری کے فنڈز اور تربیتی سہولیات کا فائدہ ملے گا اور ریاستی تعلیمی ترجیحات بھی برقرار رہیں گی۔سی پی ایم لیڈر رادھا کرشنن نے کہا کہ یہ حکومت کی عملی سوچ ہے کہ کسی مرکزی اسکیم کی اچھی باتیں قبول کی جائیں بجائے اس کے کہ سب کچھ ٹھکرا کر فنڈ سے محروم ہو جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریباً ہر شعبے میں مرکزی حکومت کی اسپانسر کردہ اسکیمیں چل رہی ہیں، اگر ہم صرف اس بنیاد پر انہیں رد کر دیں کہ وہ مرکز سے آ رہی ہیں تو ہم خود کو مالی طور پر کمزور کر لیں گے۔
ریاست کی اس عملی مگر متنازعہ فیصلے کے باوجود، پی ایم شری اسکیم کے تحت سرکاری اسکولوں میں مالی معاونت کا ایک نیا دور شروع ہونے جا رہا ہے۔اس اسکیم کے تحت کیرالہ کے 152 بلاکس میں دو دو اسکول شامل کیے جائیں گے، یعنی تقریباً 300 اسکول۔ ہر اسکول کو سالانہ ایک کروڑ روپے دیے جائیں گے اور پانچ سال میں مجموعی طور پر 1476.13 کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے۔ ریاست میں تقریباً 11000 سرکاری اور امدادی اسکول ہیں۔ ان میں سے منتخب اسکولوں کو ’’پی ایم شری ماڈل اسکول‘‘ بننے کا موقع ملے گا۔
منتخب اسکولوں میں اضافی اساتذہ، تجربہ گاہیں، لائبریریاں اور ڈیجیٹل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس سے مزید اساتذہ کی بھرتی بھی ہوگی۔کاسرگوڈ کی سینٹرل یونیورسٹی کے ڈین پروفیسر امرت کمار نے کہا کہ ریاستی حکومت مالی طور پر مرکز پر انحصار کرتی ہے۔ اگر اسے ’’سمگر شکشا‘‘ اسکیم کے لیے رکے ہوئے 1500 کروڑ روپے حاصل کرنے ہیں تو اسے مرکزی تعلیمی پالیسی (این ای پی) کو قبول کرنا ہی پڑے گا۔ ان کے مطابق اس اسکیم کے تحت کام کرنے والے تقریباً 6000 اساتذہ کئی ماہ سے تنخواہوں کے بغیر ہیں، اس لیے حکومت کے پاس اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی اپنی کوئی تعلیمی پالیسی نہیں ہے اور وہ اندرا گاندھی کے دور سے مرکزی اسکیموں پر انحصار کر رہی ہے جب فنڈز کو مرکزی منصوبوں سے جوڑا گیا تھا۔
سی پی ایم لیڈر رادھا کرشنن نے کہا کہ حکومت کا یہ فیصلہ حقیقت پسندی پر مبنی ہے۔ ہم کسی مرکزی اسکیم کے کچھ نکات سے اختلاف کر سکتے ہیں لیکن ہم ان میں لچک دکھا کر جو بات قابل قبول ہو اسے اپنا سکتے ہیں۔ ہمیں اسکولوں میں بنیادی ڈھانچے، لیب اور لائبریریوں کی بہتری کے لیے فنڈز درکار ہیں۔ اگر یہ فنڈ کسی مرکزی اسکیم کے تحت ملتے ہیں تو اس میں کیا قباحت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے واضح کر دیا ہے کہ ہم وہ نصاب نہیں پڑھائیں گے جس میں ہنومان کو پہلا پائلٹ دکھایا گیا ہے۔ نصابی کتابیں ہم پر مسلط نہیں کی جا سکتیں۔پی ایم شری اسکولوں میں مربوط مضامین، سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، ریاضی (ایس ٹی ای ایم) اور ہنر پر مبنی تعلیم دی جائے گی۔