نئی دہلی، 8 ستمبر 2025: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبۂ اردو میں ایک تاریخی اور یادگار لمحہ اس وقت رقم ہوا جب وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف نے پروفیسر شمیم حنفی کے نام سے منسوب نئے تعمیر و تزئین شدہ سیمینار ہال کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر پروفیسر مظہر آصف نے کہا کہ شعبۂ اردو میں اس قدر دلکش اور خوبصورت ہال کو پروفیسر شمیم حنفی جیسے عہدساز ادیب و دانشور کے نام پر منسوب کرنا ان کے شایانِ شان خراجِ عقیدت ہے۔ انہوں نے شمیم حنفی کو "ایک سچے عالم اور پکے عاشق" قرار دیا، جن کے علم نے ان کے وجود کو منور کیا۔
مہمانِ خصوصی رجسٹرار پروفیسر مہتاب عالم رضوی نے کہا کہ اپنے اسلاف کو یاد رکھنا قومی اخلاقی اقدار اور روحانی جڑوں کو مضبوط کرتا ہے۔ ان کے مطابق، شمیم حنفی ادب، تہذیب اور علم کے ایک روشن مینار تھے جن پر جامعہ کو ہمیشہ ناز رہے گا۔
صدر شعبۂ اردو پروفیسر کوثر مظہری نے خلوص اور محبت سے اس ہال کے قیام میں جو کوششیں کیں، انہیں شعبے کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ڈین فیکلٹی برائے انسانی علوم و السنہ پروفیسر اقتدار محمد خاں نے کہا کہ اگرچہ پروفیسر شمیم حنفی اب ہمارے درمیان جسمانی طور پر موجود نہیں، لیکن ان کی تحریریں، تقریریں اور افکار اب بھی جامعہ کی فضا کو روشن اور معطر کیے ہوئے ہیں۔
پروفیسر کوثر مظہری نے وائس چانسلر، رجسٹرار اور ڈین کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شمیم حنفی صرف شعبۂ اردو ہی نہیں بلکہ جامعہ کی آبرو تھے، اور ان کی روشن خیالی اور علمی بصیرت جامعہ کی زریں روایت کا حصہ ہیں۔
افتتاحی تقریب میں پروفیسر سرور الہدیٰ نے نظامت کے دوران شمیم حنفی کی یادوں اور افکار کو تہذیبی و تاریخی تناظر میں یاد کیا، جبکہ پروفیسر شہزاد انجم نے کلماتِ تشکر پیش کرتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ اور صدرِ شعبہ کو مبارکباد دی۔ تقریب کا آغاز ڈاکٹر شاہ نواز فیاض کی تلاوتِ قرآن سے ہوا۔
اس موقع پر پروفیسر شمیم حنفی کی اہلیہ صبا شمیم، بیٹی غزالہ شمیم صدیقی اور داماد سروش صاحب بھی موجود تھے، جن کی شرکت نے اس تقریب کو مزید جذباتی بنا دیا۔
تقریب میں صدر شعبۂ عربی پروفیسر نسیم اختر، صدر شعبۂ فارسی پروفیسر سید کلیم اصغر، پروفیسر احمد محفوظ، پروفیسر عمران احمد عندلیب، ڈاکٹر شاہ عالم، ڈاکٹر خالد مبشر، ڈاکٹر مشیر احمد، ڈاکٹر سید تنویر حسین، ڈاکٹر محمد مقیم کے علاوہ متعدد اساتذہ، ریسرچ اسکالرز اور طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔