علی گڑھ، : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی فیکلٹی آف لائف سائنسز کے سابق ڈین پروفیسر ایچ ایس اے یحییٰ کی خودنوشت نظرہ ٹو نیوجرسی کی رسم اجرا ابن سینا اکیڈمی دودھ پور علی گڑھ میں منعقد ہوئی۔ اس سے قبل پروفیسر یحییٰ نے اپنی کتاب کی دستخط شدہ نقل علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون کو وائس چانسلر لاج میں پیش کی جس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان اور رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہا کہ یہ خودنوشت محض ایک ذاتی کہانی نہیں بلکہ ایک متاثر کن علمی وراثت کی نمائندہ ہے جو آنے والی نسلوں کے محققین کو یہ سبق دے گی کہ ثابت قدمی اقدار اور وژن ہی غیر معمولی علمی سفر کی بنیاد بنتے ہیں۔
رسم اجرا کے دوران کے اے نظامی مرکز برائے قرآنی علوم کے ڈائریکٹر پروفیسر اے آر قدوائی نے کتاب پر تبصرہ پیش کیا جس میں پروفیسر یحییٰ کی علمی اور تدریسی خدمات قائدانہ صلاحیتوں اور نمایاں علمی کارناموں کو اجاگر کیا گیا۔ اپنے خطاب میں شعبہ وائلڈ لائف سائنسز کے چیئرمین پروفیسر ستیش کمار نے بطور چیئرمین شعبہ کو مستحکم کرنے میں پروفیسر یحییٰ کے اہم کردار کا ذکر کیا۔
جلسے کی صدارت پدم شری پروفیسر حکیم سید ظل الرحمٰن نے کی جنہوں نے پروفیسر یحییٰ کی انتھک محنت اور لگن کو سراہا اور نوجوان اسکالرز کو تلقین کی کہ وہ ممتاز علمی شخصیات کے عملی تجربات سے رہنمائی حاصل کریں۔
تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اساتذہ اور ریسرچ اسکالرز نے شرکت کی۔ پروگرام کی نظامت پروفیسر عبد الرحیم کے چیئرمین شعبہ میوزیولوجی نے انجام دی۔ اس موقع پر شرکا میں کتاب کی کاپیاں بھی تقسیم کی گئیں۔