اے ایم یو کے طلباء کے لئے بھرتی میلہ 13 نومبر کو

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 11-11-2022
اے ایم یو کے طلباء کے لئے بھرتی میلہ 13 نومبر کو
اے ایم یو کے طلباء کے لئے بھرتی میلہ 13 نومبر کو

 

 

علی گڑھ، 10 نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفس (جنرل) نے یونیورسٹی کے انٹرنل کوالٹی ایشورنس سیل (آئی کیو اے سی) کے اشتراک سے آئندہ 13 نومبر کو ایک روزہ بھرتی میلے ’سیراب‘ کا انعقاد کیا ہے۔

               یونیورسٹی کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفیسر (جنرل) مسٹر سعد حمید نے بتایا کہ اس میں بیس سے زیادہ کمپنیاں، بشمول اسٹیپنگ کلاؤڈ، مارک امپیکس، ٹیلے سی آر ایم، سو جابس، کنیکٹ بزنس سولیوشنس، بیلیو پی ٹی ای لمیٹیڈ، اے ٹی ایکس لرننگ، مائنڈ ٹیل گلوبل پرائیویٹ لمیٹیڈ، انسٹی ٹیوٹ آف یوروپین لینگویجز اینڈ کنسلٹینسی، نیومرو کانسٹرکشن شرکت کررہی ہیں۔یہ بھرتی میلہ فیکلٹی آف آرٹس میں منعقد ہوگا اور اس کابنیادی ہدف یونیورسٹی کے مختلف کورسز مکمل کرنے والے اور انڈرگریجویٹ /پوسٹ گریجویٹ کے سالِ آخر کے طلباء و طالبات کو تقرری کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس میلے کے لئے اب تک ایک ہزار زائد طلباء و طالبات رجسٹریشن کراچکے ہیں۔

               مسٹر حمید نے مزید کہا”ممکنہ آجروں کا مثبت ردّ عمل ہمارے لئے خوشی و اطمینان کی بات ہے۔ یہ پروگرام انڈسٹری اور یونیورسٹی کے درمیان رابطے مستحکم کرنے اور طلباء کو تقرری کے مواقع فراہم کرنے کی کوششوں کا ایک حصہ ہے“۔

               ’سیراب‘ کے کنوینر پروفیسر اسد اللہ خاں نے کہا کہ اس قسم کے پروگرام نہ صرف طلباء کو روزگار کے مواقع فراہم کرتے ہیں بلکہ انھیں مستقبل کے لئے تیار کرنے اور یونیورسٹی کی مجموعی رینکنگ کو بہتر بنانے میں بھی مددگار ہوتے ہیں۔

               سیراب کے آرگنائزنگ سکریٹری ڈاکٹر جہانگیر عالم نے کہا کہ طلباء کے لیے اپنے مستقبل کو بہتر کرنے کا ایک موقع ہونے کے علاوہ یہ پروگرام طلباء کو تجربہ بھی دے گا اور انھیں بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔

               معاون کنوینر ڈاکٹر مزمل مشتاق نے کہا: مجھے امید ہے کہ یہ پروگرام طلباء کے لیے ہر اعتبار سے مددگار ثابت ہو گا اور انڈسٹری و یونیورسٹی کے روابط بھی مستحکم کرے گا۔