پٹنہ :ملک میں میڈیکل داخلہ امتحانات کی 37 سالہ تاریخ میں NEET 2025کو سب سے زیادہ مشکل اور چیلنجنگ امتحان قرار دیا جا رہا ہے، اور ایسے سخت حالات میں بھی رحمانی 30 نے اپنی تعلیمی بصیرت، محنت اور عزمِ مسلسل کے ذریعے ایک بار پھر خود کو علمی و سماجی خودمختاری کی روشن علامت ثابت کیا ہے۔رحمانی 30 نے NEET 2025میں 54 طلبہ کو 500 سے زائد نمبر دلوا کر ایک نئی تاریخ رقم کی ہے ، جو کسی ایک ادارے سے اس سطح پر کامیاب ہونے والے طلبہ کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ عبادالحق، جھارکھنڈ، ہزاری باغ نے جنرل کیٹیگری میں آل انڈیا رینک 284 حاصل کر کے رحمانی 30 کے تعلیمی معیار، استقامت اور مسلسل کامیابیوں کا شاندار ثبوت پیش کیا ہے۔
واضح رہے کہ NEET 2025کا امتحان نہ صرف اپنے مشکل سوالات اور نئے فارمیٹ کی وجہ سے چیلنجنگ ثابت ہوا، بلکہ اس کی غیر متوقع نوعیت نے ملک کے ذہین ترین طلبہ کو بھی حیرت میں ڈال دیا۔ ایسے کٹھن حالات میں بھی رحمانی 30 کے طلبہ نے اپنی انتھک محنت، نظم و ضبط اورمبنی تربیت کے ذریعہ غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ایک بار پھر ادارے کی علمی برتری کو ثابت کر دیا۔
یہ غیر معمولی کامیابی مولانا محمد ولی رحمانی کی دوراندیش قیادت اور روحانی تربیت کا مظہر ہے۔ ان کا مشن صرف تعلیمی کوچنگ تک محدود نہ تھا، بلکہ محروم طبقات میں خود اعتمادی، عزت نفس اور مقصدِ حیات کو بیدار کرنا ان کا اصل مقصد تھا۔ ان کی دعائیں، بصیرت اور فکری رہنمائی آج بھی ادارے کے ہر قدم کی بنیاد ہے۔
آجمولانا احمد ولی فیصل رحمانی،جو امیرِ شریعت اور رحمانی30 کے سرپرستِ اعلیٰ ہیں، ان کی قیادت میں ادارہ نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ ان کی رہنمائی صرف نتائج پر مبنی نہیں بلکہ طلبہ کے دلوں میں شکرگزاری، خدمتِ خلق اور ملت و قوم کی فلاح کا جذبہ بیدار کرتی ہے۔ وہ ہمیشہ طلبہ کو خلوص نیت سے علم حاصل کرنے اور پھر اس علم کو قوم و ملت کے فائدے کے لیے استعمال کرنے کی تلقین فرماتے ہیں۔
امیرِ شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحبنے اس موقع پر کہا کہ یہ صرف ایک رزلٹ نہیں ہے، بلکہ اس حقیقت کا اعلان ہے کہ جب صحیح رہنمائی، معاون ماحول، اور اجتماعی وژن یکجا ہوتے ہیں تو ہر مشکل آسان ہو جاتی ہے۔ ہم یہ سنگِ میل حضرت مولانا محمد ولی رحمانی صاحب رحمۃ اللہ علیہ کےخواب کو پیش کرتے ہیں، جو آج بھی ہماری رہنمائی کر رہے ہیں، اور حضرت امیرِ شریعت کی فعال قیادت کو، جو اس خواب کو حقیقت میں بدل رہے ہیں۔
500 سے زائد نمبر حاصل کرنے والے 54 طلبہ اور کئی دیگر کی کامیابی نے ثابت کر دیا ہے کہ اقدار سے آراستہ معیاری تعلیم پوری ملت کی تقدیر بدل سکتی ہے۔رحمانی30 کا مقصد صرف ہنر تلاش کرنا نہیں، بلکہ رحمانی30 جونیئر جیسے پروگراموں کے ذریعے ان کو بچپن سے ہی تراشنا، سنوارنا اور انہیں ایک بااعتماد، باکردار اور قوم کے لیے مفید شہری بنانا ہے۔