امن پسندی، اخلاق اور ثقافتی اقدار حیدرآبادی عوام کی وراثت

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 04-10-2022
امن پسندی، اخلاق اور ثقافتی اقدار حیدرآبادی عوام کی وراثت
امن پسندی، اخلاق اور ثقافتی اقدار حیدرآبادی عوام کی وراثت

 

 

حیدرآباد:امن پسندی ، اخلاق اور ثقافتی اقدار حیدرآباد کے لوگوں کو وراثت میں ملا ہے جو ان میں نسل در نسل چلی آرہی ہے۔

اس خیال کا اظہار مہمانِ خصوصی جناب محمد محمود علی، وزیر داخلہ، حکومت تلنگانہ نے کل شام مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے زیر اہتمام ڈرامہ ”سوانح حیات“ کے مشاہدے کے بعد کیا۔ ڈرامے کا اہتمام ہارون خان شیروانی مرکز برائے مطالعاتِ دکن نے اوپن ایئر تھیئٹر میں کیا تھا جو یونیورسٹی کے جشن سیمیں تقاریب کا حصہ ہے۔

یہ ڈرامہ ملکہ حیات بخشی بیگم کی سوانح حیات پر مبنی ہے جو 17 ویں صدی میں گولکنڈہ کے قطب شاہی حکمرانوں میں سے تھیں۔ اس کی پیش کش بین الاقوامی شہرت یافتہ قادر علی بیگ تھیئٹر فاﺅنڈیشن کے فنکاروں نے کی۔

awazurdu

پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے صدارتی خطاب میں کہا کہ اس معیار کا ڈرامہ انہوں نے کئی برسوں کے بعد دیکھاہے۔ انہوں نے مرکز سے اظہار تشکر کیا کہ اس درجہ کا ڈرامہ یہاں پیش کیا گیا ہے۔

پدم شری ایوارڈ یافتہ ڈراما ہدایت کار اور فنکار جناب محمد علی بیگ نے کہا کہ طلبہ کی تالیاں ، ڈرامے میں ان کی دلچسپی اور اس سے لطف اندوزی کی شہادت دے رہی تھیں۔ پروفیسر سلمیٰ احمد فاروقی، ڈائرکٹر مرکز نے افتتاحی کلمات ادا کیے۔ ڈاکٹر اے سبھاش، اسسٹنٹ پروفیسر نے شکریہ ادا کیا۔

ڈرامے کے ڈائرکٹر جناب محمد علی بیگ نے تین اہم کردار ادا کیے۔ جبکہ تجربہ کار اداکارہ محترمہ رشمی سیٹھ نے ملکہ کا کردار نبھایا۔ محترمہ نور بیگ، جناب وجئے پرساد، جناب ایس اے مجید اور محترمہ سارہ حسین معاون کرداروں میں تھے۔کثیر تعداد میں اساتذہ، غیر تدریسی عملہ، طلبہ ، شہر کی ممتاز شخصیتوں نے ڈرامے کا مشاہدہ کیا۔