حیدرآباد، 22 ستمبر (پریس نوٹ) قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان (این سی پی یو ایل) کی جانب سے اردو صحافیوں کے لیے تربیتی ورکشاپ کا کل بتاریخ 23 ستمبر کو وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن افتتاح انجام دیں گے۔ یہ ورکشاپ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے شعبۂ ترسیل عامہ و صحافت کے تعاون سے منعقد کیا جارہا ہے۔ اس سہ روزہ ورکشاپ کا مقصد اردو صحافیوں اور طلبائے صحافت کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنا اور انہیں صحافت کے میدان میں جدید مہارتوں اور علوم سے آراستہ کرنا ہے۔
شعبۂ ترسیل عامہ و صحافت کے ڈین اور صدرِ شعبہ پروفیسر محمد فریاد کے مطابق، اس ورکشاپ میں ممتاز صحافی بطور ریسورس پرسن شرکت کر رہے ہیں۔جو شرکاءکو انٹریکٹو سیشنز، لیکچرز اور عملی مظاہرے کے ذریعے تربیت فراہم کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ پروگرام نہ صرف میڈیا کے طلبہ کے لیے بلکہ حیدرآباد کے مختلف میڈیا گھرانوں سے وابستہ اردو صحافیوں کے لیے کارآمد ثابت ہوگا۔
ورکشاپ کا افتتاحی پروگرام سی پی ڈی یو ایم ٹی آڈیٹوریم میں منعقد ہوگا، جس میں فیکلٹی ممبران، مدعو معززین اور میڈیا نمائندوں کے علاوہ طلبہ بھی موجود ہوں گے۔ تین دنوں تک جاری رہنے والے اس ورکشاپ میں شرکاءکو جدید صحافت کے اہم پہلوؤں پر تربیت دی جائے گی، جن میں اخلاقی رپورٹنگ، ڈیجیٹل دور میں اردو صحافت کے چیلنجز، نیوز رائٹنگ و ایڈیٹنگ تکنیک، ملٹی میڈیا اسٹوری ٹیلنگ اور جمہوری اقدار کے فروغ میں اردو میڈیا کا کردار شامل ہیں۔
ورکشاپ میں ملک بھر سے شرکت کرنے والے معزز مہمانان میں ڈاکٹر محمد شمس اقبال،ڈائرکٹر، قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، نئی دہلی جناب ایم اے ماجد سینئر صحافی، حیدرآباد،ڈاکٹر یامین انصاری، ریزیڈنٹ ایڈیٹر، اردو روزنامہ انقلاب، نئی دہلی اور مسٹر محمد عبد الستاررکن این سی پی یو ایل شریک ہوں گے۔
ان کے علاوہ مسٹر عامر علی خان، نیوز ایڈیٹر، اردو روزنامہ سیاست، حیدرآباد بطور مہمانِ اعزاز شریک ہوں گے جبکہ بطور مہمانِ خصوصی ڈاکٹر سرفراز سیفی ،سی ای او و ایڈیٹر ان چیف، بھارت نیوز نیٹ ورک، نئی دہلی تشریف لائیں گے۔
اس ورکشاپ کے انعقاد سے توقع ہے کہ طلباءصحافت کے لیے کمرۂ جماعت اور میڈیا انڈسٹری کے درمیان فاصلے کم ہوں گے اور نوجوان طلبہ کو صحافت کا پیشہ ذمہ دارانہ اختیار کرنے کی ترغیب ملے گی اور مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے اس عزم کا عکاس ہے جس کے تحت یونیورسٹی اردو زبان کو میڈیا اورذرائع ابلاغ کے ذریعے فروغ دینے کوشاں ہے اور مستقبل کے میڈیا پروفیشنلز میں تنقیدی سوچ اور عملی صلاحیتوں کو پروان چڑھا رہی ہے۔