اے ایم یو:وی سی سمیت 18 کوکورونا۔ہاسٹل خالی کرنے کا حکم

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 06-01-2022
مسلم یونیورسٹی:وائس چانسلرسمیت 18 کوکورونا،طلبہ کوہاستل خالی کرنے کا حکم
مسلم یونیورسٹی:وائس چانسلرسمیت 18 کوکورونا،طلبہ کوہاستل خالی کرنے کا حکم

 

 

علی گڑھ: ملک میں کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ علی گڑھ میں بھی کل اے ایم یو کے وائس چانسلر طارق منصور سمیت 18 لوگ کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔

اس طرح ضلع میں فعال کوویڈ متاثرین کی تعداد بڑھ کر 78 ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی شہر میں کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ اومی کرون نے بھی دستک دی ہے۔

بیرون ملک سے واپس آنے والے دو افراد میں اومی کرون کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان حالات کے پیش نظر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے بھی ہاسٹل میں رہنے والے اپنے اسکالر طلبہ کو فوری طور پر ہاسٹل خالی کرنے کے احکامات دیے ہیں اور انہیں محفوظ مقام پر جانے کو کہا گیا ہے۔

دراصل علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں گزشتہ سال سے آن لائن کلاسز چلائی جا رہی ہیں اور تمام طلباء کو ان کے گھر بھیج دیا گیا ہے۔ لیکن کچھ طلباء ایسے بھی ہیں جو پی ایچ ڈی یا کوئی اور کورس کر رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ ہاسٹل میں رہ رہے ہیں۔

انھیں ہاسٹل خالی کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اے ایم یو کے پی آر او عمر پیرزادہ نے بتایا کہ اے ایم یو کے وی سی طارق منصور کو کورونا مثبت پایا گیا ہے اور وہ اپنی سرکاری رہائش گاہ سے آن لائن اپنی ڈیوٹی کر رہے ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے درخواست کی ہے کہ وہ تمام لوگ جو ان کے رابطے میں آئے ہیں، وہ ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حکومت کی ایڈوائزری پر عمل کرتے ہوئے قواعد پر عمل کریں۔

اس کے ساتھ طلباء کو مشورہ دیا گیا ہے کہ جو لوگ کسی نہ کسی طریقے سے اپنے کام کے لیے اے ایم یو آئے ہیں اور ہاسٹل میں رہ رہے ہیں، وہ اپنے گھروں یا کسی محفوظ جگہ پر واپس ہوجائیں۔