مولانا مفتی راشد اعظمی دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم مقرر

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 06-10-2021
 مولانا مفتی راشد اعظمی دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم مقرر
مولانا مفتی راشد اعظمی دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم مقرر

 


فیروز خان، دیوبند

دارالعلوم دیوبند کی مجلس شوری کا سہ روزہ بجٹ اجلاس پانچویں نشست کے بعد اختتام پزیر ہوا،جس میں اتفاق رائے سے ادارہ کی تعمیر و ترقی اور نظم و نسق کے سلسلہ میں اہم فیصلے لئے گئے۔

 ادارہ کا سالانہ بجٹ 35 کروڑ48لاکھ روپے منظور کیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی مولانا عبدالخالق سنبھلی ؒ کے انتقال کے بعد سے خالی چلی آ رہی نائب مہتمم کی نشست کے لئے مولانا مفتی راشد اعظمی کا انتخاب عمل میں آیا۔

ادارہ کے عملہ کے اسکیل گریڈ میں اضافہ کا مسئلہ پیش ہوا جس کے سلسلے میں گریڈ کمیٹی تشکیل دے دی گئی جس کی سفارشات کی بنیاد پر آئندہ اجلاس میں اضافہ کا فیصلہ ہوگا۔

کیونکہ ادارہ اس اثناء میں کووڈ بحران سے متاثر رہا اس لئے تقررات،استقلال اور ترقی وغیرہ کے جملہ امور شوری کے اگلے اجلاس تک کے لئے موخر کر دئے گئے البتہ محمد عدنان کے انتقال کے بعد خالی ہوئی پیشکار کی سیٹ کے لئے مفتی محمد ریحان عثمانی کا تقرر عمل میں آیا۔

ساتھ ہی استاذ حدیث و ادب دارالعلوم دیوبند کو مادر علمی دارالعلوم دیوبند کی مجلس شوریٰ کی جانب سے عربی مجلہ الداعی کا چیف ایڈیٹر منتخب کیا گیا ہے۔

مجلس شوری کا آغاز اتوار کے روز مفتی محمد اسماعیل کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اجلاس کی صدارت اور اختتامی دعا ء حکیم کلیم اللہ نے کی۔

اجلاس میں مہتمم دارالعلوم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی بنارسی،صدر المدرسین مولانا سید ارشد مدنی،مولانا غلام محمد وستانوی اکلکواں،مولانا عبدالعلیم فاروقی لکھنؤ،مولانا اسماعیل مالے گاؤں،مولانا مفتی احمد خان پوری ڈابھیل،حکیم کلیم اللہ علیگڑھ،مولانا رحمت اللہ کشمیری،مولانا انوار الرحمان بجنوری،سید انظر حسین میاں دیوبند،مولانا محمود کھیروا،مولانا نظام الدین خاموش ممبئی،مولانا عاقل سہارنپور،مولانا سید حبیب احمد باندہ،مولانا مفتی محمد شفیق احمد بنگلور،مولانا محمد عاقل گڑھی دولت نے شرکت کی۔

جب کہ مولانا سید محمد رابع حسن ندوی لکھنؤ،مولانا بدرالدین اجمل آسام،مولانا محمد اشتیاق مظفر پور،مولانا ملک محمد ابراہیم میل و شارم،مولانا عبدالصمد کالیکا پور مغربی بنگال ذاتی مصروفیات اور عذر کے سبب شرکت نہ کر سکے۔