حیدرآباد،:ملک میں جس تیزی کے ساتھ فیشن انڈسٹری ترقی کر رہی ہے، اس سے شعبے میں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔ اس پس منظر میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے گذشتہ برس فیشن ٹیکنالوجی اور انٹیریئر ڈیزائن کے مضامین میں چار سالہ بی ایس سی، 2 سالہ ڈپلوما کورس اور ایک سالہ سرٹیفکیٹ کورس شروع کیا ہے۔
فیشن ٹیکنالوجی میں سرٹیفکیٹ کورس حیدرآباد کے علاوہ لکھنؤ، کڑپہ اور وارانسی میں بھی چلایا جارہا ہے۔ جبکہ انٹیریئر ڈیزائن میں سرٹیفکیٹ کورس حیدرآباد، لکھنؤ اور کڑپہ میں دستیاب ہیں۔ فیشن ٹیکنالوجی اور انٹیریئر ڈیزائن میں بی ایس سی اور ڈپلوما حیدرآباد اور کڑپہ میں دستیاب ہیں۔
پروفیسر عبدالواحد، ڈین اسکول آف ٹیکنالوجی کے مطابق اگر طلبہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ایک درخشاں مستقبل کی تلاش میں ہیں تو مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں جاری فیشن ٹیکنالوجی اور انٹیریئر ڈیزائن کورسز ان کی منزل ہوسکتے ہیں۔ اردو یونیورسٹی میں سمانا کالج آف ڈیزائن اسٹڈیز کے اشتراک سے چلائے جارہے کورسز طلبہ کی صلاحیتوں اور قابلیت کو فروغ میں معاون ہوں گے۔
محترمہ سمانا موسوی، صدر نشین سمانا کالج آف ڈیزائن کے بموجب سبھی طلبہ کو انتہائی اختراعی نوعیت کی تکنیک پر مبنی عصری رجحانات کے حامل تمام عصری آلات و مشنری سے لیس تیزی سے ترقی پذیر ڈیزائننگ صنعت کے لیے تربیت دی جاتی ہے۔ یہاں کے ماہر اساتذہ طلبہ کو اس شعبہ میں بھرپور رہنمائی کرتے ہیں۔ یہاں پر موجود عصری ٹیکنالوجی اور مشنری ، ورکشاپس طلبہ کو عصری ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرواتے ہیں جس سے انہیں عصری اور عملی نوعیت کا تجربہ حاصل ہوتا ہے۔ کورس کی تکمیل کے بعد طلبہ کو انٹرن شپ بھی فراہم کی جاتی ہے جو ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھرنے کا موقع دیتی ہے۔
بارہویں (10+2) یا مماثل امتحان کامیاب طلبہ ان کورسز میں داخلے کے اہل ہیں۔ اس کے علاوہ اردو یونیورسٹی کے ماڈل اسکولس ، پالی ٹیکنیکس اور گریجویشن کامیاب طلبہ کو خصوصی چھوٹ دی جاتی ہے۔ آن لائن فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ 4 جون 2025 ہے۔ تفصیلات یونیورسٹی ویب سائٹmanuu.edu.in سے یا موبائل نمبر 8106528786 سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔