معصوم رضا :مزدور کا بیٹا، بہار میٹرک میں چھٹی پوزیشن پر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 01-04-2022
معصوم رضا :مزدور کا بیٹا، بہار میٹرک میں چھٹی پوزیشن پر
معصوم رضا :مزدور کا بیٹا، بہار میٹرک میں چھٹی پوزیشن پر

 

 

 محمد اکرم

بہار بورڈ نے جمعرات کو میٹرک یعنی دسویں جماعت کا نتیجہ جاری کر دیا، ریاستی وزیر تعلیم وجے کمار چودھری نے نتیجہ کا اعلان کیا۔ جس میں ایک بھی مسلم طالب علم ٹاپ 5 میں جگہ حاصل نہیں کرسکا ہے جبکہ ٹاپ 10 میں 3 مسلم طلبہ کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ جس میں شیوہر ضلع کے سوگیا کٹساری گاؤں کے وارڈ 7 کے طالب علم محمد معصوم رضا نے ریاست میں چھٹی پوزیشن حاصل کی ہے۔ مونگیر کے محمد حارث اعجاز نے ساتویں اور گوپال گنج ضلع کے محمد سیف علی نے دسویں پوزیشن حاصل کی ہے۔

 اردو میں 95 نمبر

 شیوہر کے محمد معصوم رضا نے 500 میں سے 482 نمبر حاصل کیے ہیں۔ آج کے دور میں بھی ان کے گھر میں اینڈرائیڈ موبائل نہیں ہے۔ جو ہم سے ویڈیو کال پر بات کر کے اپنی کامیابی کا اظہار کر سکے۔

 اس نے تمام مضامین میں 90فیصد سے زیادہ نمبر حاصل کیے ہیں۔ سائنس میں 100، ریاضی میں 99، سوشل سائنس میں 95، اردو میں 95 اور ہندی میں 93 نمبر لے کر والدین اور ضلع کا نام روشن کیا ہے۔

 سافٹ ویئر انجینئر بننا چاہتے ہیں۔

ایک عام گھرانے سے تعلق رکھنے والے محمد معصوم رضا نے آواز دی وائس سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت فخر اور بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ میں اپنے مقصد کے حصول کے لیے رات گئے تک محنت کرتا تھا، میں مستقبل میں سافٹ ویئر انجینئر بننا چاہتا ہوں کیونکہ میں اس فیلڈ میں جانے کا برسوں سے خواب دیکھ رہا ہوں۔

اس نے سوگیا اپ گریڈڈ ہائی اسکول میں تعلیم حاصل کی ہے اور گاؤں کے ایک کوچنگ گاؤں سے ٹیوشن لیا ہے۔

awazurdu

ان کا مزید کہنا ہے کہ تعلیم ہی وہ واحد طاقت ہے جس سے آپ کو ہر جگہ عزت مل سکتی ہے جیسا کہ آج مجھے مل رہی ہے۔ معاشرے میں عزت بڑھتی ہے۔ میں اسکول سے آنے کے بعد روزانہ ٹیوشن جاتا تھا جس سے ہمارے لیے تعلیم حاصل کرنا آسان ہو جاتا تھا۔ 

اس کے والد محمد نسیم، جو ممبئی میں ایک مزدور کے طور پر کام کرتے ہیں، اور والدہ گھر پر رہتی ہیں۔ معصوم کے والد نے کہا کہ میں خوشی بیان نہیں کرسکتا۔ میں نے پڑھائی نہیں کی لیکن میرا خواب ہے کہ اپنے بچوں کو جہاں تک ہو سکے تعلیم دوں۔ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔ بس آگے بڑھتے رہیں جہاں وہ تعلیم کے لیے جانا چاہتا ہے.... اور میں کیا کہوں، میں بہت خوش ہوں۔

 معصوم کے استاد سمیت مشرا

 بچپن سے معصوم کو پڑھانے والے استاد سمیت کمار مشرا نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بچپن سے ہی قابل ہیں، ان کے والد عام آدمی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میں خود ایک برہمن ٹیچر ہوں، میں ہمیشہ بچوں کی رہنمائی کے لیے کام کرتا ہوں۔ آج ہمیں بہت خوشی ہے کہ ہمارے ادارے کے ایک طالب علم نے ریاست میں چھٹا مقام حاصل کیا ہے جس کی وجہ سے ہمارا اور پورے شیوہر کا سر بلند ہے۔

 ریاست میں اس بار کل 12 لاکھ 86 ہزار 9 سو 71 طلبہ پاس ہوئے ہیں۔ اس میں طالبات کی تعداد 6,78,110 ہے جبکہ طالبات کی تعداد 6,08,861 ہے۔