دارالعلوم دیوبند میں ماسک لازمی قرار، بغیر ماسک کلاسوں میں داخلہ ممنوع

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 19-02-2021
دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی دارالعلوم میں ماسک لگا کر جاتے ہوئے، ان کی اسکریننگ کی جا رہی ہے
دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی دارالعلوم میں ماسک لگا کر جاتے ہوئے، ان کی اسکریننگ کی جا رہی ہے

 

دیوبند

عالمی شہرت یافتہ اسلامی تعلیمی ادارے دارالعلوم دیوبند میں درس و تدریس کا کام آئندہ 24 فروری سے شروع ہونے جا رہا ہے ۔ دیوبند سے باہر کے طلبہ کو بھی بلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی دارالعلوم انتظامیہ نے طلباء کی رہائش اور کلاسیزمیں داخلے کے حوالے سے ایک رہنما اصول وضع کئے ہیں ۔

دارالعلوم کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی بنارسی کی طرف سے جاری کردہ ہدایات میں ادارہ میں آنے والے طلباء کے لئے ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ اپنا ماسک کسی دوسرے کو نہ دیں ۔ صرف یہی نہیں کورونا کو دھیان میں رکھتے ہوئے محتمم مولانا بنارسی نے طلبہ کے ادھر ادھر تھوکنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ کھانا لینے کے لئے جب لائن میں کھڑے ہوں تو کم از کم چھ فٹ کی دوری رکھیں۔ کھانے کے برتنوں کو ڈھانپ کر رکھیں اور پولی تھین کے استعمال سے گریز کریں۔ روٹی کو کپڑے سے ڈھانپ دیں اور برتن لینے اور دینے سے پرہیز کریں۔

مولانا نے بتایا کہ قریبی اضلاع سے طلبہ کا مدرسے واپس آنا شروع ہوچکا ہے۔ اسی دوران مدرس جامعہ الشیخ حسین احمد الممدنی کے مہتمم مولانا مزمل علی نے بتایا کہ وزارت صحت کی ہدایات کے مطابق ہی ادارے میں آنے والے طلباء کو کلاسوں میں بیٹھنے کی اجازت دی جارہی ہے۔ اگر کوئی طالب علم ان ہدایات پر عمل نہیں کرے گا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔