قومی تعلیمی پالیسی پر مقابلہ پوسٹر سازی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 20-09-2025
قومی تعلیمی پالیسی پر مقابلہ پوسٹر سازی
قومی تعلیمی پالیسی پر مقابلہ پوسٹر سازی

 



حیدرآباد(پریس نوٹ)مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں 18 ستمبر 2025 کو "پوسٹر میکنگ مقابلہ" نہایت شاندار طریقے سے منعقد ہوا جس کا موضوع قومی تعلیمی پالیسی 2020(NEP 2020) تھا۔ اس مقابلے میں یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے طلباءو طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ رنگوں، خیالات اور فنِ مصوری کے ذریعے طلبہ نے نہ صرف تعلیم کے نئے نظریات اور اہداف کو اجاگر کیا بلکہ اس بات کو بھی نمایاں کیا کہ این ای پی 2020 مستقبل کی نسلوں کے لیے کس طرح رہنمائی فراہم کر سکتی ہے۔ ہر پوسٹر میں جدت، تخیل اور سنجیدگی کا حسین امتزاج نظر آیا جس نے حاضرین کو بے حد متاثر کیا۔ اس پروگرام کا انعقادNEP SAARTHIS، مانو حیدرآباد کے زیر اہتمام کیا گیا۔

مقابلے کے فیصلے کے لیے اساتذہ پر مشتمل جیوری تشکیل دی گئی جس میں ڈاکٹر کفیل احمد، ڈاکٹر ریشما نکہت اور محترمہ حاجرہ فاطمہ شامل تھیں۔ جیوری نے طلبہ کے تخلیقی کام کو موضوع سے مطابقت، فنی معیار اور جدت کے تناظر میں پرکھا۔ نتائج کے مطابق ڈی ایل ایڈ کی طالبہ نغمہ نگار نے اپنی انفرادیت اور تخلیقی صلاحیت کے باعث پہلی پوزیشن حاصل کی، ایم بی اے کی طالبہ عریبہ علی نے اپنے متوازن اور بامقصد کام کے ذریعے دوسرا مقام حاصل کیا جبکہ آئی ٹی ای پی کی طالبہ اقصیٰ اولیو نے تیسرے مقام پر کامیابی درج کی۔

ڈاکٹر یوسف خان (مانو پولی ٹیکنک) اور پروفیسر سید امان نے فاتح طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور انعامات تقسیم کرتے ہوئے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو بے حد سراہا۔ پروفیسر عبد السمیع صدیقی این ای پی کوآرڈینیٹر نے سارتھی طلبہ کی مدد سے اس مقابلہ کو منعقد کیا۔