جامعہ ملیہ اسلامیہ: ٹیچر ایجوکیشن میں دوہفتے کے ریفریشر کورس کا انعقاد

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 17-01-2022
جامعہ ملیہ اسلامیہ:  ٹیچر ایجوکیشن میں دوہفتے کے ریفریشر کورس کا انعقاد
جامعہ ملیہ اسلامیہ: ٹیچر ایجوکیشن میں دوہفتے کے ریفریشر کورس کا انعقاد

 


آواز دی وائس،نئی دہلی

 یوجی سی۔ایچ آرڈی سی سینٹر جامعہ ملیہ اسلامیہ اور فیکلٹی آف ایجوکیشن کی جانب سے ٹیچر ایجوکیشن میں ’لرننگ آؤٹ کمز اینڈ ایجوکیشنل ریفارمز۔پیڈاگوجی، اسیسمنٹ اینڈ کوالٹی ایشورینس ‘ کے موضوع پر دو ہفتے کاریفریشر کورس آج اختتام پذیر ہوا۔ ان کے ذریعہ منعقد کیا جانے والایہ تیسرا ریفریشر کورس(دوسرا آ ن لائن)ہے۔

ہندوستان کی مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں کے پینتیس سے زیادہ ٹیچر ایجوکیٹر کی تربیت اور صلاحیت سازی کے لیے یہ ریفریشر کورس مورخہ چار جنوری دوہزار بائیس کو شروع ہوا تھا۔ ٹیچر ایجوکیشن میں پالیسی کا نفاذ اور اس کے چیلنجز اس کا مرکزی خیال تھا۔

پروفیسر نیلما گپتا،شیخ الجامعہ ڈاکٹر ہری سنگھ گور یونیورسٹی،ساگر، الوداعی پرگرام کا مہمان خصوصی تھیں جب کہ پروفیسر تسنیم فاطمہ،نائب شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اس پروگرام کی صدارت فرمائی۔

پروفیسر اعجاز مسیح،ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اختتامی تقریر کی۔پروفیسر انیس الرحمان،ڈائریکٹر،یو جی سی۔ایچ آرڈی سی،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے مہمان خصوصی اور دیگر معز ز مہمانوں کا استقبال کیا۔

ڈاکٹر سجاد احمد،اسسٹنٹ پروفیسر اور کورس کوآرڈی نیٹر،شعبہ ایجوکیشنل اسٹڈیز،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے مہمان خصوصی کا تعارف پیش کیا۔

اپنے الوداعیہ خطاب میں پروفیسر نیلما گپتا نے نئی قومی تعلیمی پالیسی دوہزاربیس کے اہداف کو حاصل کرنے لیے اعلی تعلیمی اداروں کے فیکلٹی اراکین کی طر ف سے لرننگ، ڈی لرننگ، اور ری لرننگ کی متواتر کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔انھوں نے نئی قومی تعلیمی پالیسی دوہزاربیس کے عملی پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور ریفریشر کورس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انھوں نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی دوہزار بیس کا نفاذ اور اس پر عمل آوری کی ذمہ داری ٹیچر ز برادری پر ہے جو اسے اجتماعی کوششوں سے حاصل کرسکتے ہیں۔

پروفیسر اعجاز مسیح نے اپنی تقریر میں روایتی،رسمی،انقلاب آفریں اور مزید اختراعی طریقیات پرزور دیا جو آج وقت کی اہم ضرورت ہے۔انھوں نے یہ کہتے ہوئے اپنی تقریر ختم کی کہ اساتذہ کی تعلیم کے نصاب کی از سر نو ترتیب ’لوک ودیا‘ سے ہم آہنگ ہونی چاہیے اور مغربی طرز فکر سے احتراز بھی ضروری ہے۔

ڈاکٹر سجاد احمد،اسسٹنٹ پروفیسر اور کورس کوآرڈی نیٹر،شعبہ ایجوکیشنل اسٹڈیز،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے پروگرام کا اجمالی جائزہ پیش کیا اور بتایا کہ ریفریشر کورس کے دوران شرکا کس طرح مختلف مشقوں میں جیسے کہ مختلف اجلاسوں میں آموز شی ماحصل کی پیش کش،تحریر اور سیمنارکے مقالات لکھنے،رسرچ پروپوزل بنانے اور اس کے دوران ٹسٹ امتحان دینے میں تندہی سے مصروف رہے۔

ڈاکٹر انصار احمد،اسسٹنٹ پروفیسر اورپروگرام کے دوسرے کوآرڈی نیٹر،شعبہ ٹیچر ٹریننگ اینڈ این ایف ای(آئی اے ایس ای) جامعہ ملیہ اسلامیہ نے مہمان خصوصی،شرکا اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔