جامعہ ملیہ: ڈاکٹرعفانہ ریاض نیشنل ایجوکیشن ایکسیلینس ایوارڈ سے سرفراز

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 17-11-2021
جامعہ ملیہ اسلامیہ: ڈاکٹرعفانہ ریاض نیشنل ایجوکیشن ایکسیلینس ایوارڈ سے سرفراز
جامعہ ملیہ اسلامیہ: ڈاکٹرعفانہ ریاض نیشنل ایجوکیشن ایکسیلینس ایوارڈ سے سرفراز

 



 

آواز دی وائس، نئی دہلی

ڈاکٹر عفانہ ریاض،اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ کیمیا،جامعہ ملیہ اسلامیہ کو مٹیریل کیمسٹری میں ان کی گراں قدر خدمات کے لیے بین الاقوامی بین علومی رسرچ فاؤنڈیشن (آئی ایم آر ایف) نے نیشنل ایجوکیشن ایکسیلنس ایوارڈ2021 سے نوازا ہے۔

انھیں یہ انعام مؤرخہ گیارہ نومبر دوہزار اکیس کو سائنس کے عالمی دن اور قومی تعلیم کے دن کے موقع پر انسٹی ٹیوٹ آف ہائر ایجوکیشن اینڈ رسرچ کیمپس وجے واڑہ،ہندوستان میں دیاگیا۔

کثیر ترکیبیہ(پولیمر) کی انجام دہی کے شعبے میں ڈاکٹر ریاض کے ایک سو تیس سے زیادہ مضامین و مقالات زیور طبع سے آراستہ ہوچکے ہیں۔

ان کے مقالات امریکی کیمیائی سوسائٹی،ایلسویر،وائیلے اور اسپرنگر جیسے مشہور اور ممتاز جرائد و رسائل میں شائع ہوئے ہیں۔

علاوہ ازیں انھوں نے تین کتابیں دوسرے مصنفین کے ساتھ مل کرتصنیف کیں ہیں اور پچیس ابواب بھی قلم بند کیے ہیں۔

سال دوہزار سولہ میں وہ مؤقر نیشنل اکیڈمی آف سائنسز (این اے ایس آئی) الہ آباد کی ممبر بھی نامزد ہوئیں تھی نیز ابھی وہ بین الاقوامی یونین آف پیوراینڈ اپلائیڈ کیمسٹری (آئی یو پی اے سی) اور رائل سوسائٹی آف کیمسٹری کی رکن ہیں۔

دنیا کی علمی اور تحقیقی تنظیموں اور انجمنوں میں آئی ایم آر ایف کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتاہے۔

قابل ذکر ہے کہ میکسیکو،سویڈین،ایران،بنگلہ دیش،سری لنکا،تھائی لینڈ،چین،جاپان اور دنیا میں مختلف اہم علمی اداروں میں بھی اس کے چیپٹرس ہیں۔

اقوام متحدہ کی تعلیمی،سائنسی اور تہذیبی تنظیم (یو این ای ایس سی او)نے دنیا میں نیٹ ورکنگ کے تئیں کوشش کے حصے کے طور پر آئی ایم آر ایف کو اپنا تعاون دیا ہواہے۔

یہ فاؤنڈیشن علمی سرگرمیوں سے وابستہ ماہرین اور محققین کو تعاون فراہم کرنے کے علاوہ ملک اور بیرون ملک میں بیرونی،مرکزی،ریاستی،نیم سرکاری او رنجی اعلی تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراکات کی سہولتیں بھی مہیا کرتا ہے۔