نئی دہلی :جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبۂ آرکیٹیکچر کی ریسرچ اسکالر یسریٰ گل نے یورپ میں منعقد ہونے والے معروف عالمی مقابلے “ریتھنکنگ روفس گلوبل کمپیٹیشن” میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے جامعہ اور ملک کا نام روشن کردیا۔
یہ عالمی مقابلہ یورپ کی تنظیم “انفارم ٹو بلڈ” نے نیدرلینڈز کی ایراسمس یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ فار ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ اسٹڈیز کے اشتراک سے منعقد کیا تھا جس کا مقصد کمزور اور پسماندہ طبقات کے لیے رہائشی سہولیات بہتر بنانے کے حوالے سے جدید آرکیٹیکچرل اور انجینئرنگ حل تلاش کرنا تھا۔

یسریٰ گل کا تحقیقی منصوبہ “Borrowed Sky: Collective Roofscapes as Thermal Commons in Informal Settlements” پروفیسر نثار خان اور پروفیسر حنا ضیا کی نگرانی میں تیار کیا گیا۔ اس منصوبے میں دہلی کی غیر منصوبہ بند آبادیوں میں شدید گرمی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے جدید اور کم خرچ حل پیش کیے گئے ہیں۔
اس منصوبے کو دنیا بھر سے موصول ہونے والی متعدد انٹریز میں سے منتخب کیا گیا۔جیوری نے اس منصوبے کو شہری علاقوں میں بڑھتی ہوئی گرمی اور ہیٹ اسٹریس جیسے سنگین مسئلے کے مؤثر اور عملی حل پیش کرنے پر سراہا۔ منصوبے کی خاص بات یہ رہی کہ اس میں ایسے آسان اور کم لاگت طریقے تجویز کیے گئے ہیں جنہیں مقامی سطح پر پسماندہ طبقات آسانی سے اپنا سکتے ہیں۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف نے تحقیقی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ اپنے تحقیقی کاموں کے ذریعے وکست بھارت 2047 کے وژن کو آگے بڑھانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ جامعہ عالمی سطح پر اہم سماجی مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کررہی ہے۔
جامعہ کے رجسٹرار پروفیسر مہتاب عالم رضوی نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحقیق کا اصل مقصد سماج کی خدمت ہونا چاہیے اور یہ اعزاز اس بات کی گواہی ہے کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ قومی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔
اس کامیابی کے تحت تحقیقی ٹیم کے منصوبے کو عالمی شہرت یافتہ “ورلڈ اربن فورم” میں پیش کیا جائے گا جبکہ دنیا کے جدید ترین چھتوں کے حل پر مبنی ایک کتاب میں بھی اس منصوبے کو شامل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ محققین کو نیدرلینڈز میں منعقد ہونے والی ایک بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی ہے۔