جامعہ ملیہ: وی سی پروفیسر نجمہ اختر’سفیر امن‘ ایوارڈ سے سرفراز

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
جامعہ ملیہ: وی سی پروفیسر نجمہ اختر’سفیر امن‘ ایوارڈ سے سرفراز
جامعہ ملیہ: وی سی پروفیسر نجمہ اختر’سفیر امن‘ ایوارڈ سے سرفراز

 

 

 نئی دہلی : پروفیسر نجمہ اختر،شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ کو ان کی غیر معمولی تعلیمی اور ادارہ جاتی قیادت کی وجہ سے یو نیورسل پیس فیڈیریشن کی جانب سے ’سفیر امن‘ ایوارڈ سے نواز ا گیاہے۔

سوامی وویکانند کی سالگرہ کے سلسلے میں قومی یوتھ ڈے کے ورچوئل اہتمام کے موقع پر فیڈیریشن کی جانب سے انھیں یہ ایوارڈ دیا گیا۔ ایوارڈ کے پروگرام کے علاوہ مختلف قومی اور بین الاقوامی مندوبین نے پروگرام میں سوامی وویکانند کی زندگی سے حاصل ہونے والی روشنی کے متعلق خطبے پیش کیے۔

پروگرام میں مختلف اسکولوں،کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبا شریک رہے۔ اپنی تقریر کے دوران پروفیسر نجمہ اخترنے کہاکہ ملک اور دنیا کا مستقبل نوجوانوں پر منحصر ہے۔

انھیں آزادی دے کر خود مختار بنایا جانا چاہیے ساتھ ہی ان میں احساس ذمہ داری کی تخم ریزی بھی ضروری ہے اور جامعہ ملیہ اسلامیہ انھی اہداف کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔ قابل ذکر ہے کہ یونیورسل پیس فیڈیریشن اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ تنظیم ہے جو ’سفیر امن‘ کا ایوارڈ ان افراد کو دیتی ہے۔جن کی زندگی دوسروں کے لیے زندہ رہنے کا استعارہ بن جاتی اور جو خود کو عالمی اخلاقی اقدار، مضبوط و توانا فیملی اقدار،بین مذاہب تعاون،بین الاقوامی خیر سگالی،اقوام متحدہ کے احیا،پبلک میڈیا کے تئیں ذمہ داری اور امن کے کلچر کے قیا م کے طریقوں کے لیے خود کو وقف کردیتے ہیں۔

تمام طرح کی نسلی،قومی اور مذہبی پابندیوں اور قیود سے بالا تر ہوکر ’سفیر امن‘ تما م لوگوں کی امنگوں او رتوقعات کو پورا کرنے کی کوشش میں معاونت کرتاہے، امن کے ایک متحدہ عالم کے قیام کے لیے تعاون دیتاہے جس میں زندگی کی روحانی اور مادی جہات کو ہم آہنگ کیا جاسکے۔