نئی دہلی : جامعہ ملیہ اسلامیہ نے عالمی تعلیم کے منظر نامے پر ایک اور اہم کامیابی درج کرتے ہوئے ٹائمز ہائر ایجوکیشن ٹی ایچ ای انٹر ڈسپلنری سائنس رینکنگ 2026 میں ایک شاندار ترقی حاصل کی ہے۔ جامعہ دنیا بھر میں گزشتہ سال کے 103 ویں مقام سے بڑھ کر اس بار 80 ویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔ ٹی ایچ ای نے یہ اعلان گزشتہ روز کیا تھا۔
جامعہ کی یہ بلندی بین علومی تحقیق تعلیمی اختراع سائنسی ترقی اور بین الاقوامی تعاون کے تئیں اس کے مضبوط عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ اس نمایاں کامیابی نے یونیورسٹی کے بڑھتے ہوئے عالمی اثر اور اہم علمی و تحقیقی شعبوں میں مسلسل بہتری کا بھی ثبوت فراہم کیا ہے۔
اس کامیابی پر خوشی اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر مظہر آصف نے کہا کہ ٹی ایچ ای انٹر ڈسپلنری سائنس رینکنگ 2026 میں جامعہ کی ترقی اس کی مضبوط کارکردگی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رینکنگ جامعہ کی اس وابستگی کو بھی اجاگر کرتی ہے جو وہ جدید اور بین علومی تحقیقی سرگرمیوں کے ذریعے تدریسی معیار اور اختراع کو بہتر بنانے کے لیے نبھا رہی ہے۔ ان کے مطابق جامعہ کے محققین سائنس دان اور اعلیٰ درجے کے فیکلٹی اراکین نے مسلسل نئی سوچ اور اختراعی تحقیق سے عالمی سائنسی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے پوری جامعہ کو اس عالمی کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔
مسجل جامعہ پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی نے بھی جامعہ برادری کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ رینکنگ فیکلٹی محققین اسکالرس اور طلبہ کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب نے اپنے اپنے شعبوں میں معیاری تحقیق کے ذریعے ادارہ جاتی ترقی میں قیمتی تعاون دیا ہے اور جامعہ کو بین علومی اور کثیر علومی سائنس تحقیق اور اختراع کے ایک مضبوط مرکز کے طور پر آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ اعلیٰ معیار کی تحقیق کے ذریعے ملکی ترقی اور عالمی ترقیاتی اہداف کے حصول میں اپنا اثر برقرار رکھے گی۔
پروفیسر آصف اور پروفیسر رضوی نے آئی قیو اے سی اور پوری جامعہ برادری کی اجتماعی کوششوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ جامعہ آئندہ برسوں میں بھی قومی اور عالمی سطح پر اپنی شناخت کو مزید مضبوط کرے گی اور علمی و تعلیمی امتیاز کے سفر میں مسلسل سرخرو رہے گی