نئی دہلی : جامعہ ملیہ اسلامیہ کےسنٹر فار کوچنگ اینڈ کیریئر پلاننگ کے تحت قائم رہائشی کوچنگ اکیڈمی نے ہفتہ 4 جولائی 2026 کو ایف ٹی کے سی آئی ٹی کے کانفرنس ہال میں "ایک شام آر سی اے کے نام" کے عنوان سے ایک شاندار اعزازی تقریب اور سابق طلبہ اجلاس کا انعقاد کیا۔ اس تقریب کا مقصد سول سروسز امتحان اور دیگر باوقار خدمات میں کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں کو اعزاز سے نوازنا اور اکیڈمی کے ممتاز سابق طلبہ کی کامیابیوں کا جشن منانا تھا۔
یہ تقریب آر سی اے کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی کیونکہ پہلی مرتبہ سابق طلبہ کا باضابطہ اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں ملک بھر میں مختلف ذمہ داریوں پر خدمات انجام دینے والے سابق طلبہ، حال ہی میں منتخب ہونے والے امیدوار، ان کے والدین اور جامعہ برادری کے ارکان نے شرکت کی۔ اس پروگرام میں نہ صرف انفرادی کامیابیوں کو سراہا گیا بلکہ اکیڈمی اور اسکے سابق طلبہ کے درمیان قائم مضبوط اور دیرینہ تعلق کو بھی اجاگر کیا گیا۔
تقریب میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے معزز وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف، معزز رجسٹرار پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی، قائم مقام کنٹرولر امتحانات، ڈین طلبہ بہبود، چیف پراکٹر، مختلف فیکلٹیوں کے ڈین، ڈائریکٹرز، پرووسٹس، چیف میڈیکل آفیسر، سکیورٹی ایڈوائزر، اسسٹنٹ رجسٹرار، آر پی ایس اینڈ پی ایس ایس، اساتذہ، سابق طلبہ، منتخب امیدواروں اور ان کے والدین نے شرکت کی۔

یہ تقریب اس لحاظ سے بھی غیر معمولی اہمیت کی حامل تھی کہ آر سی اے نے اپنے پندرہ سالہ سفر کی سب سے بڑی کامیابی حاصل کی۔ تعلیمی سال 2025 تا 2026 کے دوران یو پی ایس سی سول سروسز امتحان، انڈین فاریسٹ سروس امتحان، ریاستی سول سروسز اور دیگر مرکزی خدمات میں آر سی اے کے 120 سے زائد امیدوار منتخب ہوئے۔پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، جس کے بعد جامعہ ترانہ پیش کیا گیا۔
استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے آر سی اے کی پروفیسر انچارج پروفیسر ثمینہ بانو نے اس موقع کو آر سی اے کی مختلف نسلوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے درمیان تسلسل اور ربط کا جشن قرار دیا۔ انہوں نے اکیڈمی کی 120 سے زائد کامیابیوں کو ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے معزز وائس چانسلر اور معزز رجسٹرار کی مسلسل سرپرستی پر دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ان تمام افراد کی خدمات کا بھی خصوصی طور پر اعتراف کیا جن کی خاموش مگر مسلسل محنت نے آر سی اے کو موجودہ مقام تک پہنچایا۔ خصوصاً کنٹرولر امتحانات پروفیسر احتشام الحق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بصیرت اور رہنمائی نے آر سی اے کے اہم فیصلوں میں ہمیشہ استحکام فراہم کیا، جبکہ فنانس آفیسر پروفیسر محمد کمال النبی کی محنت نے آر سی اے کے تمام انتظامی امور کو خوش اسلوبی سے جاری رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے ٹیم آر سی اے کی کاوشوں کو بھی سراہا اور اسسٹنٹ پروفیسر انچارج آر سی اے کا خصوصی ذکر کیا جن کی باریک بینی سے کی گئی منصوبہ بندی اس تقریب کے کامیاب انعقاد میں نہایت مؤثر ثابت ہوئی۔

پروگرام کے سب سے متاثر کن حصوں میں منتخب امیدواروں اور ممتاز سابق طلبہ سے خصوصی گفتگو شامل تھی۔ انہوں نے اپنی کامیابی کے سفر، تیاری کی حکمت عملی، درپیش مشکلات اور آر سی اے میں گزارے گئے یادگار ایام کا ذکر کیا۔ ساتھ ہی جامعہ ملیہ اسلامیہ کا شکریہ ادا کیا جس نے انہیں ایسا سازگار ماحول فراہم کیا جس کی بدولت وہ سول سروسز میں شمولیت کا اپنا خواب پورا کر سکے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معزز رجسٹرار پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی نے منتخب امیدواروں کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ سول سروسز میں انتخاب دراصل ایک بڑی قومی ذمہ داری کا آغاز ہے۔ انہوں نے انصاف، دیانت داری اور اخلاقی طرز حکمرانی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نوجوان افسران کو تلقین کی کہ وہ اپنے ہر فیصلے میں ایمانداری، غیر جانب داری اور عوامی خدمت کو مقدم رکھیں۔
اپنے ولولہ انگیز خطاب میں معزز وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف نے منتخب امیدواروں کو مبارک باد پیش کی اور ان کے والدین اور اساتذہ کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے نوجوان افسران کو یاد دلایا کہ اب وہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے نام اور اقدار کی نمائندگی عوامی خدمت کے اہم مناصب پر کریں گے۔ انہوں نے انہیں ہمیشہ عاجزی، ہمدردی اور سماجی خدمت کے جذبے کو برقرار رکھنے کی تلقین کی اور کہا کہ وہ اپنی کامیابی میں والدین، اساتذہ اور ملک کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھیں۔
تقریب کے اختتام پر اظہار تشکر آر سی اے کی اسسٹنٹ پروفیسر انچارج ڈاکٹر صبا محمود بشیر نے پیش کیا۔ انہوں نے معزز وائس چانسلر، معزز رجسٹرار، قائم مقام کنٹرولر امتحانات، ڈین طلبہ بہبود، چیف پراکٹر، ڈائریکٹر اسپورٹس، مختلف فیکلٹیوں کے ڈین، ڈائریکٹرز، پرووسٹس، چیف میڈیکل آفیسر، سکیورٹی ایڈوائزر، اساتذہ، ممتاز سابق طلبہ، منتخب امیدواروں، ان کے والدین اور جامعہ کے مختلف شعبوں بشمول بلڈنگ ڈپارٹمنٹ، صفائی، باغبانی اور ایم سی آر سی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس تقریب کو کامیاب اور یادگار بنانے میں بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے ٹیم آر سی اے کی انتھک محنت کو بھی سراہا اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے چیف پبلک ریلیشنز آفیسر کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے پریس ریلیز کے ذریعے اس تقریب کو ذرائع ابلاغ میں وسیع کوریج دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ تقریب کی نظامت ڈاکٹر صبا بشیر اور ڈاکٹر روحمہ راشد نے انجام دی جن کی خوش اسلوبی اور شگفتہ انداز نے پروگرام کو مزید دلکش بنا دیا۔
تقریب کا اختتام آر سی اے لان میں منعقدہ پرتکلف عشائیے پر ہوا جہاں سابق طلبہ، جامعہ کے اعلیٰ عہدیداران، اساتذہ اور منتخب امیدواروں نے خوشگوار اور غیر رسمی ماحول میں ایک دوسرے سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر رجسٹرار اور جامعہ کے دیگر ذمہ داران کے ساتھ ایک منظم آر سی اے سابق طلبہ نیٹ ورک کے قیام پر بھی گفتگو ہوئی تاکہ اکیڈمی اور اس کے سابق طلبہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور سابق طلبہ مستقبل کے سول سروسز امیدواروں کی رہنمائی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
اعزازی تقریب اور سابق طلبہ اجلاس نے آر سی اے کی شاندار کامیابیوں کا جشن منانے کے ساتھ ساتھ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ وہ عوامی خدمت کے میدان میں اعلیٰ صلاحیتوں کی پرورش اور جامعہ و اس کے سابق طلبہ کے درمیان عمر بھر قائم رہنے والے تعلق کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مسلسل کوشاں رہے گی۔