جامعہ ملیہ اسلامیہ کے فاصلاتی و آن لائن تعلیم کے پروگراموں میں داخلے کی آخری تاریخ میں توسیع

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 12-08-2026
جامعہ ملیہ اسلامیہ کے فاصلاتی و آن لائن تعلیم کے پروگراموں میں داخلے کی آخری تاریخ میں توسیع
جامعہ ملیہ اسلامیہ کے فاصلاتی و آن لائن تعلیم کے پروگراموں میں داخلے کی آخری تاریخ میں توسیع

 



 نئی دہلی : جامعہ ملیہ اسلامیہ کے مرکز برائے فاصلاتی و آن لائن تعلیم نے اپنے تمام تعلیمی پروگراموں میں داخلے کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔ اب امیدوار 8 ستمبر 2026 تک داخلے کے لیے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ اس سے قبل درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 اگست 2026 مقرر کی گئی تھی۔

جامعہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق طلبہ کو مختلف تعلیمی لسانی اور عملی مہارتیں حاصل کرنے کے مزید مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے مرکز نے تعلیمی سال 2026-27 کے لیے اپنے موجودہ 49 پروگراموں کے علاوہ 11 نئے سرٹیفکیٹ اور ڈپلومہ پروگرام بھی شروع کیے ہیں۔

مرکز برائے فاصلاتی و آن لائن تعلیم کے تعلیمی پروگراموں میں یہ توسیع فاصلاتی اور آن لائن تعلیم کے دائرے کو وسیع کرنے کی جامعہ ملیہ اسلامیہ کی کوششوں کا حصہ ہے۔ نئے پروگراموں کے آغاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شیخ الجامعہ پروفیسر مظہر آصف اور مسجل پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی نے کہا کہ موجودہ تعلیمی اور روزگار کی ضروریات کے مطابق مہارت پر مبنی پروگراموں کے ذریعے طلبہ کے لیے تعلیمی مواقع میں اضافہ کرنا اور یونیورسٹی کی رسائی کو مزید وسیع کرنا ضروری ہے۔

درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کی سفارش مرکز برائے فاصلاتی و آن لائن تعلیم کے ڈائریکٹر پروفیسر اسلم خان نے مختلف امیدواروں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں کے بعد کی تھی۔ پروفیسر اسلم خان نے کہا کہ مرکز ایسے تعلیمی پروگرام پیش کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے جو اعلیٰ تعلیم اور روزگار کے بدلتے ہوئے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں۔

بی ایڈ اور ایم بی اے فاصلاتی تعلیم کے داخلہ امتحانات کی تاریخ میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ یہ امتحانات اب 22 اگست 2026 کے بجائے 19 ستمبر 2026 کو منعقد ہوں گے۔ دونوں پروگراموں کے لیے امتحانی مرکز جامعہ ملیہ اسلامیہ کے کیمپس میں ہوگا۔ امتحانی مرکز سے متعلق تفصیلات امیدواروں کو داخلہ کارڈ کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔

نئے شروع کیے گئے سرٹیفکیٹ پروگراموں میں فرانسیسی ہسپانوی چینی فارسی عربی اور روسی زبانوں کے پروگرام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ فوٹوگرافی اور ویڈیو تدوین اینکرنگ اور نشریاتی پیش کش اور ہندوستانی علمی نظام سے متعلق سرٹیفکیٹ پروگرام بھی شروع کیے گئے ہیں۔

نئے پروگراموں میں مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ذرائع ابلاغ میں ڈپلومہ اور تنازعات کے تجزیے اور قیام امن میں اعلیٰ ڈپلومہ بھی شامل ہیں۔

داخلے کے لیے مختصر فہرست میں شامل امیدواروں کو ان کے درج شدہ برقی پتے کے ذریعے دستاویزات کی تصدیق کے لیے مطلع کیا جائے گا۔ دستاویزات کی تصدیق اور فیس جمع کرانے کا عمل 26 ستمبر سے 6 اکتوبر 2026 تک جاری رہے گا۔ داخلے سے متعلق تمام کارروائیاں مکمل کرنے کی آخری تاریخ 10 اکتوبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔