جامعہ ملیہ اسلامیہ :ٹائمز ہائر ایجوکیشن ایشیا یونیورسٹی رینکنگ 2026 میں 160واں مقام

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 28-04-2026
جامعہ ملیہ اسلامیہ :ٹائمز ہائر ایجوکیشن ایشیا یونیورسٹی رینکنگ 2026 میں 160واں مقام
جامعہ ملیہ اسلامیہ :ٹائمز ہائر ایجوکیشن ایشیا یونیورسٹی رینکنگ 2026 میں 160واں مقام

 



نئی دہلی: “یہ کامیابی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اس مسلسل عزم کی عکاس ہے جس کے تحت وہ معیارِ تعلیم، تحقیق اور عالمی سطح پر اپنی موجودگی کو مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہے”۔ ان خیالات کا اظہار شیخ الجامعہ پروفیسر مظہر آصف نے اس موقع پر کیا جب ٹائمز ہائر ایجوکیشن ایشیا یونیورسٹی رینکنگ 2026 میں جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ایک سو ساٹھواں مقام حاصل کر کے ایک اہم سنگ میل عبور کیا۔

یہ رینکنگ گزشتہ سال کے مقابلے میں قابل ذکر بہتری کی نشاندہی کرتی ہے، جو جامعہ کی تعلیمی کارکردگی، تحقیقی معیار اور بین الاقوامی سطح پر بڑھتی ہوئی شناخت کی عکاس ہے۔

اس شاندار کامیابی پر پروفیسر مظہر آصف نے جامعہ برادری کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز اس اجتماعی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے جو اس ادارے کے ہر شعبے میں نظر آتی ہے۔ ان کے مطابق جامعہ کا تسلسل کے ساتھ معیار کو بہتر بنانا اس کی علمی سنجیدگی اور عالمی سطح پر اس کی مضبوط شناخت کو ظاہر کرتا ہے۔

اس موقع پر رجسٹرار جامعہ ملیہ اسلامیہ پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی نے فیکلٹی اراکین، طلبہ، اسٹاف اور آئی کیو اے سی کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی کامیابیاں اجتماعی کوششوں، ادارہ جاتی نظم و ضبط اور ٹیم ورک کا ثمر ہوتی ہیں۔

آئی کیو اے سی کی اعزازی ڈائریکٹر پروفیسر رفعت پروین نے بھی اس کامیابی کو جامعہ کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہتر رینکنگ اس بات کا ثبوت ہے کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ معیاری تدریس، تحقیقی جدت اور ادارہ جاتی فضیلت کے اصولوں پر مضبوطی سے کاربند ہے۔

یہ کامیابی جامعہ ملیہ اسلامیہ کی ایشیا کی ممتاز جامعات میں پوزیشن کو مزید مستحکم کرتی ہے اور آئندہ برسوں میں مزید تعلیمی اور تحقیقی بلندیوں کے حصول کے لیے ایک اہم محرک کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔