اے ایم یو: عارش نعیم امریکی کانفرنس میں کریں گی یونیورسٹی کی نمائندگی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 11-05-2022
اے ایم یو:  عارش نعیم امریکی کانفرنس میں  کریں گی یونیورسٹی کی نمائندگی
اے ایم یو: عارش نعیم امریکی کانفرنس میں کریں گی یونیورسٹی کی نمائندگی

 


آواز دی وائس،علی گڑھ

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں ایم ایس سی (انڈسٹریل کیمسٹری) کی طالبہ اور امریکن کیمیکل سوسائٹی (اے سی ایس) انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس چیپٹر-اے ایم یو کی صدر عارش نعیم طلبہ و طالبات کو کیمسٹری میں امتیاز حاصل کرنے کی ترغیب دیتی ہیں، سیمیناروں کا انعقادکرتی ہیں، مقامی صنعتوں، لیبارٹریوں اور اسکولوں کے دورے کا اہتمام کرتی ہیں اور کیمسٹری کے نئے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انھیں ضروری مشورے بھی دیتی ہیں۔

کیمسٹری کے شعبہ میں سائنسی تحقیق کے تئیں ان کی مخصوص دلچسپی اور قائدانہ خوبیوں کے باعث اب انھیں 'سالانہ اے سی ایس لیڈرشپ کانفرنس' میں شرکت کے لئے مدعو کیا گیا ہے جو 20 تا 22/ مئی امریکہ کے شہر اٹلانٹا، جارجیامیں منعقد ہوگی۔

اس کانفرنس میں وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی نمائندگی کریں گی اور ینگر کیمسٹ کمیٹی (وائی سی سی) کے اراکین کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گی۔

شعبہ کیمسٹری کے استاد اور عارش کے فیکلٹی ایڈوائزر ڈاکٹر محمد زین خان نے کہا ”عارش، اٹلانٹا کانفرنس میں اے سی ایس کے صدر اور اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرس، طلباء لیڈروں، اور دیگر نوجوان کیمسٹوں سے ملاقات کریں گی اور اے سی ایس انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس چیپٹر، علی گڑھ کی ایک تفصیلی رپورٹ بھی پیش کریں گی۔

تمام سفری اخراجات امریکن کیمیکل سوسائٹی برداشت کرے گی“۔

اے سی ایس انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس چیپٹر،اے ایم یو کی بانی رکن کی حیثیت سے مثالی قیادت کا مظاہرہ کرنے کے لئے عارش کو ’صرف مدعو اراکین‘ کے لئے ہونے والی کانفرنس کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔

یہ دوسری بار ہے جب وہ کسی بین الاقوامی اجلاس میں اے ایم یو چیپٹر کی نمائندگی کر رہی ہیں۔

قبل ازیں، عارش کو سن 2019 میں اے سی ایس اورلینڈو اجلاس میں ایک تحقیقی مقالہ پیش کرنے کے لیے اے سی ایس ٹریول گرانٹ دی گئی تھی۔