عوامی احتجاج :سرکار نے بخش دیا خدابخش لائبریری کو

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 18-06-2021
خدابخش لائبریری،پٹنہ
خدابخش لائبریری،پٹنہ

 

 

سراج انور / پٹنہ

خدابخش لائبریری کا بحران ٹل گیا ہے۔ اشوکا راج پتھ پر ایشیا کے ایک بڑے کتب خانہ کے انہدام کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج اور دباؤ کے بعد ، بہار حکومت نے خدابخش لائبریری کا ایک حصہ منہدم کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔

در حقیقت ، بہار اسٹیٹ برج کنسٹرکشن کارپوریشن لمیٹڈ تقریبا ڈھائی کلومیٹر لمبی، کارگل چوک سے این آئی ٹی موڑ تک اشوک راج پتھ پر ڈبل ڈیکر سڑک تعمیر کرنے جارہی ہے۔ بیچ میں خزانچی روڈ پر تاریخی خدابخش اورینٹل پبلک لائبریری ہے۔

کارپوریشن ،لائبریری کے لارڈ کرزن ریڈنگ ہال تک سڑک کی تعمیر میں رکاوٹ محسوس کررہا ہے لہذا ، اس نے ہال کے اگلے حصے کو منہدم کرنے کا فیصلہ کیاگیا تھا اور لائبریری انتظامیہ سے این او سی مانگا گیا تھا ، اب پل کنسٹرکشن کارپوریشن کے چیئرمین امرت لال مینا نے واضح کیا ہے کہ خدابخش لائبریری کا کوئی حصہ مسمار نہیں کیا جائے گا۔

لائبریری کی ڈائریکٹر شائستہ بیدار

لائبریری کے قریب مجوزہ ڈبل ڈیکر روڈ کی چوڑائی کو کم کیا جائے گا۔تاہم لائبریری انتظامیہ کو اس کی جانکاری ابھی نہیں دی گئی ہے۔ لائبریری کی ڈائریکٹر شائستہ بیدار نے آوازدی وائس کو بتایا کہ انہیں اس سلسلے میں برج تعمیراتی کارپوریشن کی طرف سے کوئی خط موصول نہیں ہوا ہے ، مجھے میڈیا سے یہ بھی پتہ چل گیا ہے کہ لائبریری پر آنے والا خطرہ ٹل گیا ہے لیکن جس طرح ہم سے این او سی کا مطالبہ کیاگیاتھا، اب تحریری طور پر بھی آگاہ کیا جانا چاہئے کہ وہ لائبریری کو چھونے کا اب کوئی ارادہ نہیں رکھتے ہیں۔

میں صرف اتنا کہوں گی کہ - 'اللہ بہتر کرے'۔

اس تحریک میں سرگرم کارکن مشتاق راحت کا کہنا ہے کہ یہ سول سوسائٹی کے مسلسل احتجاج کا نتیجہ ہے کہ پل تعمیراتی کارپوریشن کے چیئرمین امرت لال مینا نے واضح کیا ہے کہ خدابخش لائبریری کا کوئی حصہ منہدم نہیں کیا جائے گا تاہم ، لائبریری کے قریب مجوزہ ڈبل ڈیکر روڈ کی چوڑائی کو کم کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل لائبریری کے ریڈنگ ہال کا ایک حصہ بہار راجیہ پل تعمیر نگم لمیٹڈ (بی آر پی این این ایل) کی تجویز کردہ انوکھی ڈبل ڈیکر سڑک کے لئے مسمار کرنے کا منصوبہ تھا۔ امرت لال مینا نے منصوبے میں تبدیلی کی تصدیق کردی ہے۔

مینا کے مطابق ، ہم نے ڈبل ڈیکر سڑک کی تعمیر کے لئے خدابخش لائبریری کے کسی حصے کو ہاتھ نہیں لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم ، اس کا اثر کچھ حصوں میں بلند سڑک کی چوڑائی پر پڑے گا۔ مینا نے یہ بھی بتایا کہ اس منصوبے کے لئے زمینی کام مانسون کے بعد جولائی میں شروع ہوگا اور اسے مکمل ہونے میں تقریبا تین سال لگیں گے۔