گوروگرام: موبائل کوڈنگ سکھا رہے ہیں ہندی زبان کے ٹیچر

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 04-09-2021
گوروگرام: موبائل کوڈنگ سکھا رہے ہیں ہندی زبان کے ٹیچر
گوروگرام: موبائل کوڈنگ سکھا رہے ہیں ہندی زبان کے ٹیچر

 

 

شاہنوازعالم، گروگرام

ایک استاد اگر چاہ لے تو وہ بچوں کو کیا کچھ نہیں سکھا سکتا ہے، حتیٰ کہ لسانیات کا استاد بچوں کو کمپیوٹر کی بھی تعلیم دے سکتا ہے۔ایسا ہی کارنامہ انجام دینے والے ایک استاد منوج لاکڑا ہیں، جن کا تعلق ریاست ہریانہ کے ضلع گوروگرام سے ہے، جو کہ بنیادی طور پرہندی زبان کے ٹیچر ہیں مگر وہ بچوں کو موبائل کوڈنگ سکھا رہے ہیں۔

اگر کوئی یہ سوال کرے کہ ہندی اور کمپیوٹر کوڈنگ کا آپس میں کیا تعلق ہے تو یقینی طور پر جواب ملے گا کہ کوئی تعلق نہیں ہے۔اس خیال کو منوج لاکڑا نےغلط ثابت کر دکھایا ہے کہ ہندی زبان اور کمپوٹر کا آپس میں تعلق نہیں ہے۔انھوں نے ایک ایسا ایپ بنایا ہے، جس پر سرکاری اسکول کے طلبا موبائل کی کوڈنگ کرتے ہیں۔

ہریانہ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے ان کے بنائے ہوئے ایپ بچوں کو  لیے سرکاری طور پر منظوری دے دی ہے۔

کون ہیں منوج لاکڑا

منوج لاکڑا ہندی میں پوسٹ گریجویٹ اور ہیں وہ گورنمنٹ سینئر سیکنڈری اسکول باج گیرہ میں بطور بنیادی ہیڈ ماسٹر تعینات ہیں۔ مثبت سوچ کے حامل منوج لاکڑا ہمیشہ تعلیمی و سماجی کاموں میں خود کو مصروف رکھنے کے ساتھ ساتھ طلباء کو کوڈنگ اور موبائل ایپ ڈیولپمنٹ میں مدد کرتے ہیں۔

آئی ٹی کے کام میں ان کی خصوصی معاونت کے لیے انہیں حکومت ہند کی جانب سے قومی ٹیچر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

'مڈ ڈے میل ہریانہ ایپ' کو منوج لاکڑا کی رہنمائی میں ان کی کلاس کے چار طلباء نے مل کر تیار کیا ہے۔اس کی وجہ سے ہریانہ کے ہزاروں اساتذہ کے ساتھ ساتھ دیگر ریاستوں کے اساتذہ کو بھی بہت فائدہ ہوا ہے۔اس ایپ کو ہریانہ کے محکمہ تعلیم نے اپنایا اور تمام سرکاری اسکولوں میں نافذ کیا گیا ہے۔

طلباء نے کمپوزٹ ایولیویشن ایپ، فیس رجسٹرایپ، فنڈ اینڈ اسٹاک رجسٹر ایپ، اسکاؤٹ اینڈ گائیڈایپ، پراگتی پتھ ایپ وغیرہ بھی تیار کیا ہے۔طلباء نے اسکول کی ویب سائٹ، ای میگزین ، بلاگ تعلیمی کھیل ، سرکاری اسکولوں کی گوگل میپنگ وغیرہ پر کام کیا ہے۔منوج لاکڑا کا کہنا ہے کہ ہندی میرا بنیادی مضمون ہے، لیکن مجھے ٹیکنالوجی بہت پسند ہے۔

awaz

بچوں کے ساتھ لاکڑا 

سوشل میڈیا، یوٹیوب اور آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے انھوں نے خود موبائل کوڈنگ اور ایپ ڈیزائننگ کے بارے میں علم حاصل کیا ہے۔وہ کہتے ہیں کہ طلباء کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے میں گروپ میں کام کرتا ہوں۔انھوں نےاب تک ایک درجن ایپس اور بہت سی ویب سائٹس تیار کی  ہیں۔

ان کا دعویٰ ہے کہ ان کے بہت سے طلباء نے ضلع ، ریاستی اور قومی سطح کے جواہر لال نہرو سائنس نمائش مقابلہ ، ایس سی ای آر ٹی اور این سی ای آر ٹی میں مسلسل تین سالوں تک انعامات جیتے ہیں۔ ان کے طالب علم ہمانشو نے این سی آر ٹی کی پہلی تا دسویں جماعت(ہندی اور انگریزی) کی سبھی کتابوں کو 'پریوڈک ٹیبل آف کیو آر کوڈڈ بکس' میں تبدیل کیا ہے۔

اس کے علاوہ ان کے طلبا نے تقریباً دو درجن کیو آر کوڈڈ چارٹ بنائے ہیں۔جس میں ملک کے وزیر اعظم ، صدر ، عظیم سائنسدان ، نوبل انعام یافتہ ، عظیم کھلاڑی ، ملک کا نقشہ، کی ندیاں ، درخت اور پودھے بنائے ہیں۔

بنا بجلی والا موبائل ٹی وی

وہیں منوج لاکڑا کی رہنمائی میں طلبا نے بنا بجلی والا موبائل ٹی وی بھی بنایا ہے، جس کی مدد سے ہریانہ کے دیہی علاقوں کے اسکول کو آسانی سے اسمارٹ کلاس رومز میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ یہ ٹی وی سیٹ موبائل سے چلتا ہے جس میں بجلی کے کنکشن کی ضرورت نہیں ہے۔منوج لاکڑا کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے یہ موبائل ٹی وی ہریانہ کے تقریباً 1800 اسکولوں میں مفت فراہم کیا ہے تاکہ بچوں کے کلاس رومز کو اسمارٹ کلاس روم میں تبدیل کیا جاسکے۔