حماد احمد جامعہ ہمدرد کے نئے چانسلر مقرر

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 26-01-2022
حماد احمد جامعہ ہمدرد کے نئے چانسلر مقرر
حماد احمد جامعہ ہمدرد کے نئے چانسلر مقرر

 

 

آواز دی وائس،نئی دہلی

 حماد احمد کو جامعہ ہمدرد کو نیا چانسلر مقرر کیا گیا ہے۔ وہ ہمدرد نیشنل فاؤنڈیشن (انڈیا) کے صدر ہیں۔اس کے علاوہ وہ ایچ ای سی اے اور ہمدرد لیبارٹریز انڈیا (فوڈز) کے چیف ٹرسٹی بھی ہیں۔ 

جامعہ ہمدرد کے بورڈ روم میں حماد احمد کا استقبال جامعہ کے وائس چانسلر ایم افسر عالم نے کیا۔اس موقع پر سابق پرو وائس چانسلر پروفیسر اقبال ایس حسنین،سید سعود اختر(رجسٹرار)،چیف پراکٹر، رجسٹرار، ایف ایس اے، ڈی ایس ڈبلو، ایگزیکٹو انجینئر، اور جامعہ کے دیگر سینئر افسران موجود تھے۔ حماد احمد ایک معروف انسان دوست، دانشمند اور مثالی کردار کی حامل شخصیت ہیں۔ وہ 1964 میں قائم ہونے والے ادارہ ہمدرد نیشنل فاؤنڈیشن کے بانی ممبران میں سے ایک ہیں۔گذشتہ پچاس سالوں میں ہمدرد نیشنل فاؤنڈیشن نے نمایاں کام انجام دیا ہے۔

 حماد احمد سماجی فلاح و بہبود کے کاموں میں بھی لگے رہتے ہیں۔ ان کی انتھک کوششوں نے لاتعداد لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنایا ہے۔خیال رہے کہ انہیں ہمدرد نیشنل فاؤنڈیشن اور جامعہ ہمدرد کے بانی عبدالحمید کی نگرانی میں کام کرنے کا موقع ملا۔ جس سے ان کی شخصیت میں نکھار پیدا ہوا ہے۔ 

سنہ 1989 میں جامعہ ہمدرد کو ڈیمڈ یونیورسٹی کا درجہ ملا، اگرچہ وہ اس سے پہلے سے اس ادارہ سے وابستہ رہے ہیں۔ اس دوران انہوں نے ایگزیکٹو کونسل میں خدمات انجام دیں۔ وہ ادارہ کی فنانس کمیٹی اور یونیورسٹی کے دیگر مختلف مشاورتی اداروں میں ذاتی توجہ اور دلچسپی نے جامعہ ہمدرد کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے سنہ 1973 میں ہمدرد لیبارٹریز انڈیا کے سیلز اور مارکیٹنگ ہیڈ کا عہدہ سنبھالا۔ اس کو ترقی کی طرف گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

حماد احمد نے شیرووڈ کالج(نینیتال)سے اپنی تعلیم کی شروعات کی اور مزید تعلیم کے لیے کارن وال(یو کے) اور نیویارک(امریکہ) کا سفر کیا۔