کارکیت بڈگام میں مفت ونٹر کوچنگ کلاسیز اختتام پذیر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 16-02-2021
 لوکل کونسلر الطاف حسین نے تقریب میں حصہ لینے والے طلباء میں انعامات بھی تقسیم کئے
لوکل کونسلر الطاف حسین نے تقریب میں حصہ لینے والے طلباء میں انعامات بھی تقسیم کئے

 

 

 ظہیر عباس/ لداخ

کارکیت ایجوکیشنل ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام 3 ماہ کی مفت کوچنگ کلاسز کا آج اختتام ہوا۔ یہ پہل کارکیت ایجوکیشنل ویلفیئر سوسائٹی کے نوجوان رضاکاروں کی ہے جنہوں نے اسے موسم سرما کے وقفے کے دوران کارکیت بڈگما کے غریب اور نادار طلباء کے لئے بہترمساوی اور مفت تعلیم کی فراہمی کے وژن کے ساتھ شروع کیا ہے۔

اس ایونٹ کے آخری دن طلباء نے کوئز مقابلے، سولو اسپیچ اور نعت خوانی جیسے مختلف پروگراموں میں حصہ لیا۔ گاؤں کے بزرگ افراد بھی اس پروگرام میں شامل ہوئے اور انہوں نے سوسائٹی کے رضاکاروں کے ذریعہ کئے گئے کاموں کی تعریف کی اور ساتھ ہی درخواست کی کہ ایسے خوش آئند کام کو جاری رکھا جائے تاکہ سماج میں معاشی وجوہات کی بنا پر حاشیے میں پڑے طلباء کی بھی تعلیم کا معقول انتظام ہو سکے ۔

اس موقع پر لوکل کونسلر الطاف حسین کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا تھا جبکہ ڈاکٹر مرتضیٰ اس پروگرام میں گیسٹ آف آنر کی حیثیت سے شریک ہوئے ۔ ڈاکٹر مرتضیٰ نے اپنی تقریر میں آج کی مقابلہ جاتی دنیا میں تعلیم کی اہمیت اور تعلیم یافتہ ہونے کی افادیت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سب جغرافیائی ، معاشرتی اور معاشی پسماندگی بڑے خواب دیکھنے کی رکاوٹیں ہیں جنہیں دور کرنا کوئی بہت زیادہ مشکل نہیں۔ اگر ہم اپنا مقصد طے کریں اور مسلسل محنت کرتے رہیں تو ان کا حصول ناممکن نہیں ہے۔ کامیابی ایک مستقل اور متواتر کوشش کا نام ہے - انہوں نے طلباء سے گزارش کی کہ وہ خوابوں کو سچ کرنے کے لئے اس پر کام کریں۔

انہوں نے تقریب میں حصہ لینے والے طلباء میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ مہمان خصوصی کونسلر اختر حسین نے یقین دلایا کہ تعلیم کے حوالے سے تمام بنیادی ضروریات کا خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان طلباء کے لئے ہر وقت دستیاب ہیں جنہیں تعلیم میں کسی بھی قسم کی مدد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ہر اس آئیڈیا اور مشورے کو سننے کے لئے تیار ہیں جس سے ہمارے اسکولوں کا نظام تعلیم بہتر ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرا نقطہ نظر ہر بچے کو اس کے معاشرتی پس منظرسے قطع نظر تعلیم کی فراہمی میں مدد کرنا ہے۔ وسائل کی کمی کی وجہ سے کسی کو چھوڑنا نہیں چاہئے۔ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔ آخر میں انہوں نے اس حیرت انگیز غیر معمولی کام کے لئے کارکیت ایجوکیشنل ویلفیئر سوسائٹی کے نوجوان رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا - انہوں نے ہر سال اس پروگرام کو جاری رکھنے کی درخواست کی۔