دارالعلوم دیوبند نے جاری کی داخلہ امتحانات کے لئے ہدایات

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 04-03-2021
دارالعلوم دیوبند
دارالعلوم دیوبند

 

 

فیروزخان/دیوبند دارالعلوم دیوبند میں گزشتہ دنوں تعلیمی آغاز کے بعد مزید پیش رفت کرتے ہوئے قدیم طلبہ کے لئے آج ایک ضروری اعلان کی اشاعت انتظامیہ کی جانب سے کی گئی ہے جس میں طلبہ کوآنے والے سال میں اور داخلہ امتحانات کے لئے مختلف ہدایات دی گئی ہیں۔

دارالعلوم دیوبندکے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی بنارسی نے دارالعلوم دیوبند کے لیٹر پیڈ پر قدیم طلبہ کے لئے تحریری بیان جاری کرکہا ہے کہ ان شاء اللہ 20 شوال المکرم 1442ھ سے حسب سابق نئے تعلیمی سال 43۔1442 ھ کا آغاز ہوگا۔ تمام طلبہ قدیم از عربی اول تا عربی ہفتم 10شوال المکرم 1442ھ تک ادارہ میں پہنچ جائیں۔اعلان میں بتایا گیا ہے کہ سال 43۔1442 ھ کے لئے عربی اول تا دور حدیث کسی جماعت میں اور تجوید کے تمام درجات میں جدید طلبہ کا داخلہ نہیں ہو سکے گا۔

تمام تکمیلات میں امتحان ششماہی کے نمبرات کی بنیاد پر حسب سابق داخلہ ہوگا۔اعلان میں کہا گیا ہے کہ تکمیلات،تخصصات اور دیگر شعبہ جات نیز حفص عربی،سبعہ و عشرہ میں داخلہ کے خواہش مند قدیم طلبہ دارالعلوم دیوبند کی ویب سائٹ پر آن لائن فارم درخواست داخلہ برائے طلبہ قدیم پر کرکے فارم و درخواست جمع کرنے کی آخری تاریخ 15شعبان المعظم 1442 ھ مطابق 29 مارچ 2021ء تک جمع کر دیں۔

اعلان میں بتایا گیا ہے کہ تکمیلات اور شعبہ جات میں داخلہ کے امید وار طلبہ درخواست میں مطلوبہ درجہ یا شعبہ کی تعیین کے ساتھ علی الترتیب دو مزید درجوں کی صراحت کر سکتے ہیں تاکہ مطلوبہ درجہ میں منتخب نہ ہونے کی صورت میں بالترتیب دوسرے یا تیسرے درجہ یا شعبہ میں داخلہ مطلوب ہے۔جاری ایڈوائزری کے مطابق دورہ حدیث سے فارغ وہ طلبہ جن کے شعبہ جات میں داخلے جائزے کے بعد ہوتے ہیں ان میں امسال نمبرات کی بنیاد پر داخلے ہونگے،تمام شعبہ جات میں داخلے کے لئے دورہ حدیث سے آنے والوں کے لئے اوسط کامیابی 72اور تکمیلات و شعبہ جات سے آنے والے طلبہ کے لئے اوسط کامیابی 76ضروری ہوگا۔داخلے کی کارروائی کی اطلاع کے بعد اعلان شدہ تاریخ میں صرف وہ طلبہ دارالعلوم دیوبند میں پہنچے جن کا داخلہ منظور کر لیا جائے،کوئی قدیم طالب علم با مید منظوری داخلہ دیوبند کا سفر نہ کریں۔