دانش صدیقی : جامعہ ملیہ اسلامیہ کا ایک روشن چراغ تھا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 16-07-2021
چراغ تھا جو بجھ گیا
چراغ تھا جو بجھ گیا

 

 

 آواز دی وائس : نئی دہلی

جامعہ ملیہ اسلامیہ (جے ایم آئی) کا ماحول کل اچانک غمگین ہوگیا جب قندھارمیں رائٹرز کے فوٹو جرنلسٹ دانش صدیقی کی ہلاکت نے سرخیوں کو سیاہ کردیا۔ایک باصلاحیت اور ایوارڈ یافتہ فوٹوگرافر کی طالبان کے ہاتھوں موت نےغم کا ماحول پیدا کردیا۔اس کا سبب یہ تھا کہ دانش صدیقی بھی اس درسگاہ کی پیداوار تھا۔جس نے فوٹو گرافری کو نیا عروج دینے کا عزم کیا تھا۔اس نے 2005-2007 تک جامعہ ملیہ سے ماس کمیونیکیشن میں ماسٹر کیا تھا۔

جامعہ کی وائس چانسلر نجمہ اختر نے دانش صدیقی کی موت کو ملک و قوم کے لئے ایک بڑا نقصان قرار دیا اور کہا کہ یہ صحافت اور جامعہ برادری کے لئے بھی ناقابل تلافی نقصان ہے۔ اس واقعہ کی خبر ملتے ہی وائس چانسلر نجمہ اختر نے دانش صدیقی کے والد پروفیسر احتر صدیقی سے بات کی۔جنہوں نے بتایا کہ دانش نے دو دن قبل ان سے بات کی تھی اور افغانستان میں اپنے کام کے بارے میں بہت کچھ بتایاتھا۔جامعہ سے ریٹائرڈ پروفیسر اختر صدیقی فیکلٹی آف ایجوکیشن کے ڈین تھے۔ وہ اساتذہ کی قومی قومی کونسل (این سی ٹی ای) کے ڈائریکٹر بھی رہے۔

سب سے افسوسناک دن

 دانش کو ایم سی آر سی نے 2018 میں ممتاز ایلومینس ایوارڈ سے نوازا تھا۔پروفیسر اور قائم مقام ڈائریکٹر شوہنی گھوش کہتی ہیں ۔ یہ ایم سی آر سی کی زندگی کا سب سے افسوسناک دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ دانش ہمارے ہال آف فیم کے ایک روشن ستارے اور ایک سرگرم سابق طالب علم تھے جو طلباء کے ساتھ اپنے کام اور تجربات بانٹنے کے لئے اپنی درسگاہ کی طرف لوٹتے رہے۔ ہم اس کے نقصان کو برداشت نہیں کرسکتے ہیں لیکن ہم ان کی یاد کو زندہ رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔

ایوارڈ سے مالا مال

 دانش نے رائٹرز کی سات رکنی ٹیم کے حصے کے طور پر اپنے کام کے لئے متعدد ایوارڈز جیتا ، جن میں میانمار کی اقلیتی روہنگیا برادری اور اگست 2017 سے بنگلہ دیش میں ہونے والے بڑے پیمانے پر انخلا پر اپنی ڈاکو منٹری کے لئے 2018 میں پلٹزر انعام بھی شامل تھا۔

 خلیج بنگال کی ساحل پر ایک روہنگیا عورت کا ایک فوٹو ان کی مہارت کا گواہ بنا تھا جس میں وہ عورت گھٹنوں کے بل بیٹھی تھی، تھکی ہوئی اور افسردہ دکھائی دے رہی تھی ،کچھ ہی فاصلے پر ، مردوں کے ایک گروپ چھوٹی کشتی میں اپنے ساتھ لائی ہوئی اشیاء کو اتار رہا تھا ۔وہ میانمار میں اپنے گھروں سے جان بچا کر بنگلہ دیش آئے تھے۔۔اس تصویر کے لئے انہیں پلٹزر دیا گیا تھا۔

آخری ملاقات اور بات 

 جامعہ ملیہ غم زدہ ہے ،ماس کام کے طلبا دانش صدیقی کے ساتھ آخری ملاقات کو یا د کررہے ہیں ،ایم سی آر سی کے طلباء سے ان کی آخری بات چیت 26 اپریل 2021 کو ہوئی تھی ، جب سہیل اکبر نے انہیں کنورجنٹ جرنلزم کے طلباء سے بات کرنے کی دعوت دی تھی۔

 سہیل اکبر نے یاد کرتے ہوئے کہا کہ کوڈ - 19 دوسری لہرکے مہلک عروج پر تھا اور دانش بہت مصروف تھا لیکن ہمیشہ کی طرح اس نے ایم سی آر سی کے طلبا کے لئے وقت نکال لیا۔ فوٹو جرنلسٹ کی حیثیت سے ، دانش نے ایشیاء ، مشرق وسطی اور یورپ میں بہت سی اہم اسٹوریز کا احاطہ کیا تھا۔ ان کے کچھ کاموں میں افغانستان اور عراق کی جنگیں ، روہنگیا پناہ گزینوں کے بحران ، ہانگ کانگ کے مظاہرے ، نیپال کا زلزلہ ، شمالی کوریا میں بڑے پیمانے پر کھیلوں اور سوئٹزرلینڈ میں پناہ کے متلاشیوں کے حالات زندگی شامل ہیں۔

 انہوں نے انگلینڈ میں مسلمانوں کے مذہب تبدیل کرنے پر ایک فوٹو سیریز بھی تیار کی ہے۔ ان کا کام میگزین ، اخبارات ، سلائیڈ شوز اور گیلریوں میں بڑے پیمانے پر شائع ہوا ہے۔ اس میں نیشنل جیوگرافک میگزین ، دی نیویارک ٹائمز ، دی گارڈین ، واشنگٹن پوسٹ ، وال اسٹریٹ جرنل ، ٹائم میگزین ، فوربز ، نیوز ویک ، این پی آر ، بی بی سی ، سی این این حہ شامل ہیں۔ الجزیرہ ، ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ ، دی اسٹریٹ ٹائمز ، بینکاک پوسٹ ، سڈنی مارننگ ہیرالڈ ، دی ایل اے ٹائمز ، بوسٹن گلوب ، دی گلوب اور میل ، لی فگارو ، لی مونڈے ، ڈیر اسپیگل ، اسٹرن ، برلنر زیتونگ ، دی انڈیپنڈنٹ ، دی ٹیلی گراف ، گلف نیوز ، لبریشن اور بہت ساری اشاعتیں۔

 آج جامعہ ملیہ اسلامیہ اس روشن چراغ کو یاد کررہا ہے جس کی پیشہ وارانہ مہارت اور مثالیں اب بھی اس میدان کے طلبا کے لئے مشعل کا کام کرے گی۔ اس کا کام ہمیشہ یاد کیا جائے گا ،پیشہ ورانہ جذبہ اور انسانی خدمت کا سنگم تھا دانش صدیقی ۔جسے افغانستان کی جنگ نے نگل لیا۔