کورونا کے جانبازوں کو ملا صدر سےانعام

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 20-09-2021
کورونا کے جانبازوں کو ملا صدر سےانعام
کورونا کے جانبازوں کو ملا صدر سےانعام

 

 

آواز دی وائس، تروننت پورم

کورونا وائرس کے سبب جہاں دنیا اپنے گھروں میں قید ہوکر رہ گئی تھی، وہیں اسپتال اور اس کے طبی عملے نے کورونا ایام میں سب سے بڑی انسانی خدمت کی مثال پیش کی ہے۔

کورونا کے ایام میں جو کارنامہ کورونا کے جانبازوں نے انجام دیا ہے، ان کی خدمات کو جتنا بھی سراہا جائے کم ہے۔

کورونا کی وجہ سے جب بیٹا باپ کو چھوڑ کر فرار ہو رہا تھا لوگ ایک دوسرے الگ ہونے اور رہنے پر مجبور ہوگئے تھے۔ بالکل نفسا نفسی کا سا عالم تھا۔ اس وقت ڈاکٹروں اور نرسوں کورونا متاثرین کی نہ صرف طبی امداد کی بلکہ انہیں اخلاقی طور پر سپورٹ کیا۔

آج جو لوگ کورونا وائرس سے جنگ جیتے میں کامیاب ہوئے ہیں، یہ سب کورونا کے جانبازوں کی وجہ سے ممکن ہو پایا ہے۔

کورونا متاثرین کی جان بچانے بہت سے جانباز خود کورونا سے متاثر ہوکر ہلاک ہوگئے۔

کورونا کے جانبازوں کی خدمات کا اعتراف بڑے پیمانے پر کیا گیا ہے کہ وہ انسانی خدمات کے فرائض انجام دینے میں کبھی پیچھے نہیں رہے۔

ان میں متعدد جانبازوں کو حکومت ہند کی جانب سے صدر نے ایوارڈ سے بھی نوازا ہے۔

رواں برس ہندوستان کے صدر رام ناتھ کووند نے 51 نرسوں کو نیشنل فلورنس نائٹنگیل ایوارڈ  (National Florence Nightingale Award 2020) سے نوازا ہے۔

کورونا پروٹوکول کی وجہ سے ایوارڈ کی تقریب ورچوئل طور منعقد کی گئی۔

رواں برس ریاست کیرالہ کے دو نرسوں کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

تروننت پورم میڈیکل کالج ہسپتال کی نرسنگ سپریٹنیڈنٹ پی گیتا اور لکشدیپ کے اندروتھ جزیرے میں کمیونٹی ہیلتھ سنٹر میں کام کرنے والے نرسنگ آفیسر محمد آصف کو بھی صدر نے ایوارڈ سے نوازا۔

محمد آصف کو نرسنگ پروفیشنلز کے لیےشاندار کارکردگی کرنے پر یہ ایوارڈ دیا گیا۔

مذکورہ 51 افراد نے کورونا کے ایام میں اپنی غیر معمولی خدمات کا مظاہرہ کیا۔ ان کی انہی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں انہیں ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

خیال رہے کہ یہ ایوارڈ سال میں ایک بار دیا جاتا ہے، مرکزی وزارت صحت نے اسے 1973 میں شروع کیا۔

انعام یافتگان کو 50 ہزار روپئے کے علاوہ سند اور تمغہ بھی دیا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ ترونت پورم کے نیشنل انفارمیٹکس سینٹر(National Informatics Centre ) میں ایک تقریب منعقد کی گئی تھی، جہاں صدر رام ناتھ کووند نے ویڈیو کانفنرسنگ کے ذریعہ شرکت کی۔

اس موقع پر نرسنگ کونسل کی رجسٹرار ڈاکٹر سالینا شاہ اور ایوارڈ کمیٹی کے کوآرڈینٹر ڈاکٹر پی ایس سونا نے شرکت کی۔