ارسلہ خان/ نئی دہلی
ایک ایسے وقت میں جب تعلیم کے میدان میں دینی اور عصری علوم کو الگ الگ خانوں میں تقسیم کرکے دیکھا جاتا ہے، میرٹھ کے علاقے فلّت میں قائم ویژن انٹرنیشنل اکیڈمی ایک منفرد تجربے کے طور پر سامنے آئی ہے۔ یہ ادارہ ان طلبہ کے لیے امید کی نئی کرن بن چکا ہے جو حفظ قرآن مکمل کرنے کے بعد جدید تعلیم کے دھارے سے جڑنا چاہتے ہیں۔
یہاں تعلیم صرف کتابوں تک محدود نہیں۔ پروجیکٹ بیسڈ لرننگ، پبلک اسپیکنگ، لیڈرشپ ٹریننگ، مصنوعی ذہانت کی کلاسیں، پارلیمنٹ ماڈل اور پیئر مینٹورنگ جیسے پروگرام طلبہ کی عملی صلاحیتوں کو نکھارتے ہیں۔ سینئر طلبہ جونیئر طلبہ کی رہنمائی کرتے ہیں جس سے سیکھنے کا ماحول مزید مضبوط ہوتا ہے۔اکیڈمی کا بنیادی مقصد صرف طلبہ کو ڈگری دلانا نہیں بلکہ ایسے باکردار اور باصلاحیت نوجوان تیار کرنا ہے جو اپنے دین سے وابستہ رہتے ہوئے جدید دنیا کے تقاضوں کو بھی پورا کرسکیں۔ یہاں قرآن مجید کی تعلیم اور حفظ کی حفاظت کے ساتھ ساتھ سائنس، ریاضی، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور مسابقتی امتحانات کی تیاری پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔
ادارے کے ذمہ داران کے مطابق ویژن انٹرنیشنل اکیڈمی دراصل ایک "برج کورس ماڈل" پر کام کرتی ہے۔ ایسے طلبہ جو کم عمری میں مدارس میں داخل ہوکر حفظ قرآن مکمل کرتے ہیں اور رسمی اسکولی تعلیم سے محروم رہ جاتے ہیں، انہیں ایک سالہ خصوصی پروگرام کے ذریعے جدید تعلیمی نظام سے جوڑا جاتا ہے۔ اس کے بعد وہ قومی تعلیمی پالیسی کے مطابق اپنی اعلیٰ تعلیم کا سفر جاری رکھ سکتے ہیں۔


اکیڈمی میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک کی پڑھائی کے دوران بچوں کو قرآن، عربی اور اسلامی تعلیم کے ساتھ ساتھ سائنس، ریاضی، انگریزی اور کمپیوٹر جیسے مضامین بھی پڑھائے جاتے ہیں۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ آج کے دور میں بچوں کے لیے دین اور دنیا دونوں کی تعلیم ضروری ہے، تاکہ وہ معاشرے اور ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔ اسی سوچ کے تحت یہاں بچوں میں تخلیقی سوچ، بات چیت کی صلاحیت (کمیونیکیشن) اور عملی سمجھ پیدا کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
ادارے میں برج کورس کا مقصد ان بچوں کو مرکزی دھارے (مین اسٹریم) کی تعلیم سے جوڑنا ہے، جو روایتی مدرسہ تعلیم سے آگے بڑھ کر جدید مضامین میں اپنی سمجھ کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے ذریعے بچوں کو زبان، ریاضی، سائنس اور معلوماتِ عامہ جیسے مضامین میں اپنی بنیاد مضبوط کرنے کا موقع ملتا ہے، تاکہ وہ آگے کی پڑھائی میں خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھ سکیں۔
نئی تعلیمی پالیسی 2020 کے عین مطابق، اکیڈمی بچوں کو صرف رٹنے کے بجائے سمجھ بوجھ کے ساتھ سیکھنے کی ترغیب دے رہی ہے۔ کلاس میں پروجیکٹ پر مبنی سرگرمیوں اور عملی طریقہ تدریس کے ذریعے طلباء کو حقیقی زندگی سے جوڑنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ادارے کا ماننا ہے کہ اگر مدرسے کے بچوں کو جدید تعلیم اور تکنیکی معلومات سے جوڑا جائے تو وہ بھی ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔


اکیڈمی کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ملک میں ہزاروں مدارس موجود ہیں جہاں لاکھوں بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ ان میں سے بہت کم طلبہ اعلیٰ تعلیم تک پہنچ پاتے ہیں جبکہ اکثریت رسمی تعلیمی نظام سے کٹ جاتی ہے۔ ویژن انٹرنیشنل اکیڈمی اسی خلا کو پُر کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ حافظ قرآن طلبہ بھی ڈاکٹر، انجینئر، سول سرونٹ، سائنس دان اور دیگر شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کرسکیں۔یہاں تعلیم صرف کتابوں تک محدود نہیں۔ پروجیکٹ بیسڈ لرننگ، پبلک اسپیکنگ، لیڈرشپ ٹریننگ، مصنوعی ذہانت کی کلاسیں، پارلیمنٹ ماڈل اور پیئر مینٹورنگ جیسے پروگرام طلبہ کی عملی صلاحیتوں کو نکھارتے ہیں۔ سینئر طلبہ جونیئر طلبہ کی رہنمائی کرتے ہیں جس سے سیکھنے کا ماحول مزید مضبوط ہوتا ہے۔
ادارے کی ایک اور نمایاں خصوصیت اس کا ہم آہنگ اور خوشگوار ماحول ہے۔ ہندی اور بائیولوجی کے استاد آتیش شرما کہتے ہیں کہ اگرچہ یہ ایک اسلامی ادارہ ہے لیکن انہیں کبھی یہ احساس نہیں ہوا کہ وہ یہاں اجنبی ہیں۔ ان کے بقول اس ادارے میں گنگا جمنی تہذیب کی حقیقی جھلک نظر آتی ہے جہاں مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے لوگ باہمی احترام کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ماہرینِ تعلیم کا کہنا ہے کہ ایسی کوششیں مسلم معاشرے کے بچوں کے لیے نئے امکانات کے راستے کھول سکتی ہیں۔ اس سے طلباء اعلیٰ تعلیم، مقابلہ جاتی امتحانات اور مختلف پیشہ ورانہ شعبوں میں آگے بڑھنے کے لیے بہتر طور پر تیار ہو سکیں گے۔