جامعہ ملیہ اسلامیہ اور سی آئی ای 450 خواتین کو دیں گے لیڈرشب اور کاروبار کی تربیت
نئی دہلی : سینٹر فار انوویشن اینڈ انٹرپرینیورشپ (سی آئی ای)، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے پردھان منتری ویرات کا سموردھن اسکیم (وی آئی کے اے ایس پی ایم) کے تحت ’قیادت کی ترقی کی بنیادی باتیں‘ پروگرام کا پہلا بیچ کامیابی سے منعقد کیا۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پراجیکٹ کو پوری طرح سے وزارت اقلیتی امور کی طرف سے مالی اعانت حاصل ہے۔ اس سکیم کے تحت، سینٹر فار انوویشن اینڈ انٹرپرینورشپ چار سو پچاس خواتین کی قیادت اور کاروباری ترقی کے بارے میں تربیت کااہتمام کرے گا جسے عزت مآب پروفیسر مظہر آصف، شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ اور پروفیسر مہتاب عالم رضوی، مسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ کی دور اندیش قیادت کی رہنمائی حاصل ہے۔
پروگرام کا پہلا بیچ بائیس اپریل دوہزار چھبیس کو کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا اور آٹھ مئی دوہزار چھبیس کو جامعہ ملیہ اسلامیہ میں تقسیم اسناد کی تقریب منعقد ہوئی۔ محترمہ نیہا گری، آئی اے ایس، ڈائریکٹر، پی ایم وکاس، اقلیتی امور کی وزارت، حکومت ہند نے اس موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تربیتی پروگرام کو کامیابی سے مکمل کرنے والے طلبہ کے ساتھ ساتھ جاری بیچوں کے شرکا کے ساتھ بات چیت کے دوران، محترمہ نیہا گری نے جامعہ ملیہ اسلامیہ اور سینٹر فار انوویشن اینڈ انٹرپرینیورشپ کی قیادت اور ہنرمندی کی ترقی کے اقدامات کے توسط سے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی مساعی کی تعریف کی۔ انہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ قوم کی تعمیر اور کمیونٹی کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے اپنی بات چیت، قیادت اور کاروباری صلاحیتوں کو مسلسل بڑھائیں۔ انہوں نے اس موقع پر پراعتماد، ہنر مند اور خود انحصار نوجوان پیدا کرنے کے لیے پی ایم وکاس کے تحت صلاحیت سازی کے پروگراموں کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
اقلیتی امور کی وزارت کے وفد نے عزت مآب پروفیسر مظہر آصف،شیخ الجامعہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ اور پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی،مسجل جامعہ ملیہ اسلامیہ سے بھی ملاقات کی اور جدت، انٹرپرینیورشپ، اور ہنر پر مبنی تعلیم کے لیے یونیورسٹی کے اقدامات کی ستائش کی۔
سینٹر فار انوویشن اینڈ انٹرپرینیورشپ کے ڈائریکٹر پروفیسر ریحان خان سوری نے سینٹر کی سرگرمیوں اور حصولیابیوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے مختلف انٹرپرینیورشپ ڈویلپمنٹ پروگراموں، اختراعی اقدامات، انکیوبیشن سپورٹ، ہنر پر مبنی تربیتی پروگرام، اورا سٹارٹ اپ ایکو سسٹم کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی جو مرکز کے ذریعے طلبہ اور خواہش مند کاروباری افراد کے فائدے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
پروگرام کے اخیر میں شرکا کو اسناد کی تقسیم کی گئیں اور معزز مہمانان، فیکلٹی اراکین، ٹرینرز اور طلبہ کے پروگرام کو کامیاب بنانے میں ان کی فعال شرکت اور تعاون کے لیے شکریہ کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔