نئی دہلی : 26؍جنوری 2001ء کو گجرات کے کچھ بھج میں زلزلہ آیااور24؍اپریل 2001کوجمعیۃ چلڈرن ولیج کی بنیاد رکھی گئی تھی ۔ اس ولیج کا خواب مولانا سید اسعد مدنی ؒ نے دیکھا اور اسے شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے وہاں کے ایک نوین چندربلب داس بھاٹیہ نے اپنے باغ کی زمین ہدیہ کردی ۔تب سے آج تک یہ ولیج یتیموں اور کمزوروں کے لیے روشن منارہ بن گیا ہے۔ جس کی آبیاری میں جانشین مولانا محمود اسعد مدنی ، صدر جمعیۃ علماء ہند کا بڑا کردار رہاہے۔
ان خیالات کا اظہار آج چلڈرن ولیج انجار میں منعقد ایک استقبالیہ تقریب میں مولانا حکیم الدین قاسمی ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند نے کیا ۔
انھوں نے اس موقع پر کامیاب ہونے طلبہ و طالبات کو مبارک بادی ، بالخصوص مہیلا پی ٹی سی کالج کی 45طالبات نے صدفی صد کامیابی حاصل کی ہے، نیز چلڈرن ولیج کے ہاسٹل میں دس سال سے رہنے والی یتیم بچی ماہ نور نے دسویں میں 95% نمبر حاصل کرکے ٹاپ مقام حاصل کیا ہے ۔مولانا حکیم الدین قاسمی نے بتایا کہ اس سال چلڈرن ولیج کے مختلف اسکولوں میں ایک ہزار سے زائد بچے داخل ہوئے ہیں ، یہاں گجراتی میڈیم میں حاجی پیر شاہ زکریا پبلک ( 12) ویں تک ہے ۔انگلش میڈیم اسکول (8) ویں تک ہے ، اس کے علاوہ مہیلا پی ٹی سی کالج اور جمعیۃ چلڈرن ولیج کا نظام چلتا ہے ۔
مولانا حکیم الدین قاسمی نے بتایا کہ یہاں کا اسکول پورے گجرات میں ٹا پ رہا ہے ، مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ اسکول میںٹاپ کرنیوالے بچوں کی تعلیم کا خرچ اسکول انتظامیہ برداشت کرے گا ، ایسے وہ بچے جو پڑھنے میں اچھے ہیں ، ان کو بھی اسکالر شپ بھی دی جائے گی ۔
اس کے علاوہ 29 یتیم بچوں اور بچیوں کو تعلیمی وظائف دیے جائیں گے، یہ جمعیۃ چلڈرن ولیج کے بچوں کے علاوہ ہیں، جمعیۃ چلڈرن ولیج کے نظام کے تحت تو شروع سے یتیم بچوں کی مکمل کفالت کی جاتی ہے ۔
مولانا حکیم الدین قاسمی نے بتایا کہ ایسی نمایاں کامیابی حاصل کرنے پر صدر جمعیۃ علماء ہند اور عالم اسلام کی بااثر شخصیت مولانا محمود اسعد مدنی نے اسکول انتظامیہ اور یتیم بچی ماہ نور کو خصوصی مبارک بادی ہے اور دعاء گو ہیں کہ اللہ رب العزت ان کو مزید ترقیات سے نوازے ۔
اس موقع پر رحیمہ قریشی اسکول پرنسل نے بتایا کہ اسکول انتظامیہ کی طرف سے مولانا حکیم الدین قاسمی ناظم عمومی جمعیۃعلماء ہند کو سمان پتر دے کر اعزاز دیا گیا ۔اس کے علاوہ بیسٹ ٹیچر ، پانچوں پرنسپلز اور بیسٹ پیرینٹ کو بھی ایوارڈ دیا گیا ۔ایک طالب علم نے حال میں پورے ضلع میں دوڑ میں دوسرا نمبر حاصل کیا ہے ، اس کو اعزاز سے نواز ا گیا، اعلی نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کو اعزاز سے نواز ا گیا ۔
تقریب کے اہم شرکاء میں کرن بھائی نوین چندر بھاٹیہ، حاجی عبدالرزاق صاحب کھتری دھمرکہ، حاجی اسمعیل کھتری ، ڈاکٹر حاجی اسمعیل بائٹ انجار،امت بھائی،مفتی انیس ذمہ دار جمعیۃ چلڈرن ولیج، مولانا اظہر ، حافظ ابوبکروغیرہ شامل ہیں ۔ اجلاس مولانا شریف صاحب کی دعاء پر ختم ہوا، نعت سے مجلس کو رونق کرنے کا کام حافظ محمود ابن مولانا حکیم الدین نے کیا۔بتاتے چلیں کہ اس سال بارہویں میں شاہ زکریا پبلک اسکول صد فی صد کامیابی کے ساتھ سرفہرست مقام حاصل کرنے میں کامیاب رہا تھا۔ سب سے بڑی خوشی کی بات یہ رہی کہ اسی اسکول کی عابدہ نجمہ نے بارہویں میں بیانوے فی صد نمبر سے فرسٹ رینک حاصل کیا ۔