نئی دہلی :بی جے پی اقلیتی مورچہ 27 جولائی کو بھارت رتن، مسائیل مین اور سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبد الکلام کی 10ویں برسی کے موقع پر، اقلیتی مورچہ کے قومی صدر جمال صدیقی کی قیادت میں ملک گیر سطح پر مہم چلا کر ضلع سطح پر مختلف پروگراموں کے ذریعے انہیں خراج عقیدت پیش کرے گا۔اس موقع پر اقلیتی مورچہ کی جانب سے "کلام کو سلام" مہم کے تحت ایسے اقلیتی نوجوانوں کو "ڈاکٹر کلام اسٹارٹ اپ یوتھ ایوارڈ 2.0" دیا جائے گا جنہوں نے اپنے اختراعی آئیڈیاز، غیر معمولی صلاحیتوں اور کاروباری جذبے سے خود کا کاروبار شروع کر کے سماج میں ایک متاثر کن مثال قائم کی ہے۔ اس سلسلے میں تیاریاں شروع ہو چکی ہیں۔
مہم کی تیاریوں کے سلسلے میں بی جے پی کے قومی جنرل سیکریٹری اور اقلیتی مورچہ کے انچارج دُشیانت گوتم نے 16 جولائی 2025 کو دہلی میں واقع بی جے پی ہیڈکوارٹر میں اقلیتی مورچہ کے قومی صدر جمال صدیقی کی صدارت میں قومی عہدیداران، ایگزیکٹو ممبران، ریاستی صدور، ریاستی جنرل سیکریٹریز اور ریاستی میڈیا انچارجز کی جائزہ میٹنگ طلب کی ہے۔ اس موقع پر 17 جولائی کو سوشل میڈیا ورکشاپ کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران اقلیتی مورچہ کے قومی صدر جمال صدیقی نے کہا کہ "کلام کو سلام" مہم کا مقصد ڈاکٹر کلام کے بھارت کی ترقی میں دیے گئے تعاون کو سلام پیش کرنا اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ بی جے پی ان سبھی لوگوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جنہوں نے مذہب اور ذات سے اوپر اٹھ کر قوم کو مضبوط کرنے میں مدد دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی اقلیتی نوجوان ٹیلنٹ کو منفرد پہچان دلائیں گے۔ بی جے پی اقلیتی مورچہ کی سرکاری ویب سائٹ https://minoritymorcha.bjp.orgپر دستیاب ویب پیج کے ذریعے اقلیتی طبقے کے نوجوان کاروباری حضرات "ڈاکٹر کلام اسٹارٹ اپ یوتھ ایوارڈ 2.0" کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ نامزدگی کے عمل کو آسان بنانے کے لیے مورچہ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ویب پیج لنک اور کیو آر کوڈ بھی شیئر کیا جائے گا، جس کے ذریعے شرکاء براہ راست ویب سائٹ پر جا کر یا کیو آر کوڈ اسکین کر کے اپنی درخواست دے سکیں گے۔
"ڈاکٹر کلام اسٹارٹ اپ یوتھ ایوارڈ 2.0" کے لیے رجسٹریشن 16 جولائی سے شروع ہوگا اور 6 اگست تک جاری رہے گا۔ 3 سے 6 اگست کے درمیان نامزدگیاں شارٹ لسٹ کی جائیں گی۔ 6 سے 9 اگست تک منتخب امیدواروں کو دعوت نامے بھیجے جائیں گے۔ ایوارڈ تقسیم کی مرکزی تقریب 12 اگست کو "عالمی یومِ نوجوان" کے موقع پر بی جے پی ہیڈکوارٹر دہلی میں منعقد کی جائے گی۔