اے ایم یو میں سالانہ آرٹ نمائش کا آغاز

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 26-02-2024
اے ایم یو میں سالانہ آرٹ نمائش کا آغاز
اے ایم یو میں سالانہ آرٹ نمائش کا آغاز

 

 علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی معین الدین احمد آرٹ گیلری میں شعبہ فائن آرٹس کے طلباء کی سالانہ آرٹ نمائش کا آغاز ہوا، جس کا افتتاح ویمنس کالج کی پرنسپل پروفیسر نعیمہ خاتون نے اے ایم یو وائس چانسلر اور تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر محمد گلریز کی موجودگی میں کیا۔

مہمان اعزازی کے طور پر اے ایم یو رجسٹرار مسٹر محمد عمران آئی پی ایس اور ڈین، فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر عارف نذیر موجود تھے۔ تقریب کے دوران فنکاروں کے فن پاروں کی نمائش کرنے والا کیٹلاگ جاری کیا گیا۔نمائش میں انواع و اقسام کے تقریباً دو سو فن پارے شامل ہیں جو زندگی اور فطرت کے متنوع مظاہر کی عکاسی کرتے ہیں۔ پروفیسر محمد گلریز نے اپنی تقریر کے دوران، تعلیمی و فنی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نمائش کی تعریف کی، جب کہ پروفیسر نعیمہ خاتون نے طلباء کے جوش و جذبے اور ان کے فن پاروں کو سراہا۔

طلباء کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنے میں آرٹ گیلری کی کوآرڈینیٹر پروفیسر بدر جہاں کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے پروفیسر عارف نذیر نے یونیورسٹی کے اندر آرٹ اور فن کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا۔ اے ایم یو رجسٹرار مسٹر محمد عمران آئی پی ایس نے فن پاروں کو سراہتے ہوئے طلباء کے مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پروفیسر بدر جہاں نے عوام کے سامنے آرٹ کو پیش کئے جانے اور آرٹ کے ذریعہ احساسات کے اظہار کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ شعبہ فائن آرٹس کی چیئرپرسن ڈاکٹر طلعت شکیل نے اس نمائش کو طلباء کے سال بھر کے تخلیقی سفر کا ثبوت قرار دیا۔ یہ نمائش شائقین کے لئے 12 مارچ تک کھلی رہے گی۔