بھکتی چالک- ممبئی
دھاراشیو ضلع کا چھوٹا سا گاؤں انلور جہاں کے جاوہار وِدیا لَیہ میں تعلیم حاصل کرنے والی حنا شیخ آج ادب کی دنیا میں ایک منفرد مقام بنا رہی ہیں۔ عام مسلم اور کسان خاندان سے تعلق رکھنے والی یہ باصلاحیت لڑکی نہایت سخت اور حوصلہ افزا سفر طے کر کے یہاں تک پہنچی ہے۔ والد کسان تھے اور والدہ ساتویں جماعت تک پڑھی ہوئی تھیں لیکن ماں کو تعلیم سے بے حد لگاؤ تھا اسی جذبے نے حنا کو بھی تعلیم سے جوڑے رکھا۔
حنا نے دو ہزار سولہ میں پونے کے فرگوسن کالج سے ایم اے اور بعد میں پونے یونیورسٹی سے بی ایڈ مکمل کیا۔ اس وقت وہ ممبئی یونیورسٹی سے مرہٹی زبان میں پی ایچ ڈی کر رہی ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ ان کی شادی صرف بیس سال کی عمر میں ہوگئی تھی اور ان کی دو بیٹیاں بھی ہیں لیکن گھریلو ذمہ داریوں کے باوجود انہوں نے تعلیم کا دامن نہیں چھوڑا۔
گھر کا مالی حال کمزور تھا اس لیے تعلیم کا خرچ اٹھانا والد کے بس میں نہیں تھا۔ چنانچہ حنا اور ان کے دونوں بھائیوں نے نوکری کر کے اپنا خرچ خود اٹھایا۔ پونے میں تعلیم کے دوران وہ دن میں کالج جاتی تھیں اور شام میں پروف ریڈنگ کا کام کر کے پڑھائی جاری رکھتی تھیں۔ کبھی کبھی کھانے پینے میں بھی کمی کر کے پیسے بچاتی تھیں۔ ان کے دونوں بھائی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں ایک ایم فارمیسی جبکہ دوسرا سرجن ڈاکٹر ہے۔
شرد پوار اِن اسپائر فیلوشپ اور ادبی سفر
اسی جدوجہد کا اعتراف ہے کہ حنا کو دو ہزار پچیس چھبیس کی قابل فخر شرد پوار اِن اسپائر فیلوشپ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ فیلوشپ پوری مہاراشٹر سے زراعت ادب اور دیگر شعبوں کے باصلاحیت افراد کو دی جاتی ہے۔ ادب کے شعبے میں کہانی ناول لٹریچر اور سائنسی ادب کے درمیان حنا کو لٹریری بائیوگرافی یعنی ‘‘چریتر’’ کے زمرے میں منتخب کیا گیا ہے۔ ریاست بھر سے آئے ہوئے درجنوں درخواستوں کی جانچ اور سخت انٹرویوز کے بعد صرف دس سے بارہ افراد کا انتخاب کیا گیا۔
آئندہ چودہ دسمبر کو شرد پوار کی جانب سے ممبئی کے یشونت راؤ چوہان سینٹر میں یہ فیلوشپ حنا کے حوالے کی جائے گی۔ اس کا مقصد نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ انہیں ایک سال کا وظیفہ اور رہنمائی بھی فراہم کی جائے گی۔ اس عرصے میں وہ تحقیق اور تحریر مکمل کریں گی اور بعد میں ان کے تحقیقی کام پر مبنی کتاب شائع کی جائے گی۔
مسلم سماج کے مصلح حمید دلّوائی پر تحقیقی کام کے لیے فیلوشپ
حنا نے ‘‘حمید دلّوائی کا مختصر سوانحی خاکہ’’ کو اپنا موضوع منتخب کیا ہے۔ اس بارے میں وہ کہتی ہیں کہ حمید دلّوائی ایک انقلابی مفکر تھے۔ اٹل بہاری واجپئی نے کہا تھا کہ جیسے مسلم سماج کو ایک حمید دلوائی ملا ویسے ہی ہندو سماج کو بھی ایک حمید کی ضرورت ہے۔ چالیس پچاس برس پہلے انہوں نے تین طلاق کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔ وہ یکساں سول کوڈ کے حامی تھے۔ اوقاف کے فنڈ کو تعلیم اور صحت جیسے سماجی کاموں کے لیے استعمال کرنے کی وکالت کرتے تھے۔ ان کے خیالات آج بھی اتنے ہی اہم ہیں جتنے اس دور میں تھے۔
وہ مزید کہتی ہیں کہ حمید دلّوائی پر کئی کتابیں اور کہانیاں موجود ہیں ڈاکٹر شمش الدین تانبولی نے بھی ان پر تحقیق کی ہے لیکن ایک جامع اور مکمل سوانح ابھی تک سامنے نہیں آئی اسی لیے میں نے یہ موضوع منتخب کیا ہے تاکہ نئی نسل کو معلوم ہو کہ حمید دلوائی کون تھے ان کے خیالات کیا تھے اور ان کا فکری ورثہ کیسے آگے بڑھایا جا سکتا ہے یہی میری تحقیق کا بنیادی مقصد ہے۔
حنا شیخ کا سفر محض ایک فرد کی کامیابی نہیں بلکہ ہر اس دیہی لڑکی کے لیے امید کی کرن ہے جو حالات سے لڑ کر آگے بڑھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے ثابت کیا ہے کہ اگر دل میں تعلیم کی روشنی روشن رکھی جائے تو گھریلو ذمہ داریاں بھی راستہ نہیں روک سکتیں۔ جس عمر میں بہت سی لڑکیوں کے خواب گھریلو ذمہ داریوں کے بوجھ تلے دب جاتے ہیں اسی عمر میں حنا نے پی ایچ ڈی اور ریاستی سطح کی فیلوشپ تک رسائی حاصل کی ہے۔ ان کی تحریر سے حمید دلوائی کی زندگی ضرور اجاگر ہوگی اور ساتھ ہی ان کا اپنا سفر آنے والی نسلوں کی بے شمار لڑکیوں کو لکھنے اور لڑنے کا حوصلہ بھی دیتا رہے گا۔