علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں مختصر فلموں کا دو روزہ تیرہواں فلم فیسٹیول ’فلمساز‘ کامیابی کے ساتھ تکمیل کو پہنچا۔ کلچرل ایجوکیشن سینٹر (سی ای سی) کے تحت یونیورسٹی فلم کلب کی میزبانی میں منعقدہ یہ دو روزہ جشن تخلیقی اظہار اور نوجوان صلاحیتوں کا ایک سودمند سنگم ثابت ہوا۔
آخری دن کی سرگرمیوں کا آغاز کینیڈی آڈیٹوریم میں فلم ’میرے دیش کی دھرتی‘ کی نمائش سے ہوا، جو پہلگام دہشت گردانہ حملے کے شہداء کو ایک جذباتی خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ اس فلم کی جذباتی گہرائی نے سبھی کو متاثر کیا اور فیسٹیول کو ایک قومی شعور و احساس کے لمحے سےجوڑ ا۔ فلم کی نمائش کے بعد وزڈم روم میں ایک کوئز مقابلہ ہوا۔مہمان خصوصی، ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر رفیع الدین نے اس طرح کے ثقافتی میلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سی ای سی کے مختلف کلبوں کی سرگرمیاں لائق ستائش ہیں۔ فلم سازی، تھیٹر اور موسیقی محض تفریح نہیں بلکہ ہمدردی کے جذبہ اور تحقیق کو پروان چڑھاتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تخلیقی جستجو سے جڑے رہیں کیونکہ ثقافتی سرگرمیاں زندگی کو ہمہ جہت بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔
مہمان اعزازی ڈاکٹر عبید احمد صدیقی نے کہا کہ سینما ہمارے عہد کی ایک ارتقائی ڈائری ہے۔ چاہے وہ تیس منٹ کی مختصر فلم ہو یا دس قسطوں پر مشتمل ویب سیریز، یہ ایسے پہلو، جذبات اور جیتی جاگتی زندگی کو محفوظ کر لیتی ہیں جو نصابی کتب بھی اکثر نہیں کر پاتیں۔
اختتامی تقریب کا آغاز سی ای سی کے کوآرڈینیٹر پروفیسر محمد نوید خان کے خطاب سے ہوا، جنہوں نے سی ای سی کے مشن اور دائرہ کار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ’فلمساز‘ صرف فلموں کے بارے میں نہیں، بلکہ اُن آوازوں کے بارے میں ہے جو سوال کرتی ہیں، جشن مناتی ہیں، پریشان کرتی ہیں اور متاثر بھی کرتی ہیں۔فیسٹیول کی ایک خاص بات مشہور فلمی شخصیت مسٹر رنجن راج کی شرکت تھی، جنہوں نے اپنی شاندار اداکاری سے شہرت پائی ہے۔ معروف اداکار و ہدایت کار مسٹر عمران رشید بھی موجود رہے۔ مہمانوں کا استقبال یونیورسٹی فلم کلب کی صدر ڈاکٹر فضیلہ شاہنواز نے کیا۔
انٹرایکٹیوسیشن میں مسٹر راج اور مسٹر رشیدنے اپنی ذاتی جدوجہد، ڈیجیٹل دور میں کہانی سنانے کے ارتقا اور تخلیقی استقامت کی قدر پر سیر حاصل گفتگو کی۔ مسٹر راج نے ابھرتے ہوئے فلمسازوں سے کہا ”بناتے رہو، ناکام ہوتے رہو اور سیکھتے رہو، یہی اصل فارمولہ ہے۔“
یونیورسٹی فلم کلب کے سکریٹری مسٹر محمد سلمان نے اظہار تشکر کیا۔ اختتامی تقریب میں بہترین فلموں کو اعزازات سے نوازا گیا۔ فیسٹیول کا اختتام فیوژن میوزک کلب کی ایک دل کو چھو لینے والی پیشکش سے ہوا