اے ایم یو میں : یومِ علی کے موقع پر مخطوطات و کتب کی نمائش 3 جنوری کو

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 02-01-2026
 اے ایم یو میں : یومِ علی کے موقع پر مخطوطات و کتب کی نمائش 3 جنوری کو
اے ایم یو میں : یومِ علی کے موقع پر مخطوطات و کتب کی نمائش 3 جنوری کو

 



 علی گڑھ : حضرت علی ابن ابی طالبؓ کے یومِ ولادت کے موقع پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی مولانا آزاد لائبریری علی سوسائٹی اے ایم یو کے تعاون سے دو روزہ مخطوطات اور کتب کی نمائش کا اہتمام کر رہی ہے۔ اس نمائش میں حضرت علیؓ کی حیات اوصاف اور تعلیمات سے متعلق نادر و قیمتی مخطوطات کتب دستاویزات اور نوادرات کا ایک منفرد اور دیدہ زیب مجموعہ پیش کیا جائے گا۔

اے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون 3 جنوری کو صبح 11:30 بجے لائبریری کے میوزیم اور شعبہ مخطوطات میں اس نمائش کا افتتاح کریں گی۔ افتتاحی تقریب میں پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان اور رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر بطور مہمانانِ اعزازی شریک ہوں گے۔

یونیورسٹی لائبریرین پروفیسر نشاط فاطمہ کے مطابق نمائش میں پچاس سے زائد نہایت قیمتی اور نادر مخطوطات پیش کیے جائیں گے۔ ان میں قرآن مجید کا ایک ایسا نسخہ بھی شامل ہے جس کے بارے میں روایت ہے کہ وہ حضرت علیؓ کے دستِ مبارک سے تحریر شدہ ہے۔ اس کے علاوہ نہج البلاغہ کا نو سو سال قدیم مخطوطہ بھی نمائش میں رکھا جائے گا جو حضرت علیؓ کے خطبات تقاریر اور حکیمانہ اقوال کا معروف مجموعہ ہے۔

دیگر نمایاں نوادرات میں خطِ ناخن میں حضرت علیؓ کی شان میں لکھا گیا قصیدۂ حافظ اور ممتاز محل کے والد آصف خان کی جانب سے تحریر کردہ ایک نادر قصیدہ شامل ہے۔ نمائش میں حضرت علیؓ کی زندگی اور خدمات پر مختلف زبانوں میں شائع شدہ کتب اور قرآن مجید کے منفرد مطبوعہ نسخے بھی دیکھنے کو ملیں گے۔

یہ نمائش ہفتہ کے روز صبح 11:30 بجے سے شام 5 بجے تک اور پیر کے روز صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک طلبہ محققین اور عام عوام کے لیے کھلی رہے گی۔